آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف ہوم ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے لیے اپنے اسکواڈز کا اعلان کرتے ہوئے بیشتر اہم ٹیسٹ کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
آسٹریلوی ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر مچل مارش دونوں فارمیٹس میں کپتانی کے فرائض انجام دیں گےجبکہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے والے محدود کھلاڑی ہی ون ڈے اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھ سکے ہیں۔
آسٹریلیا کو ہفتے کے روز جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس سیریز کے بعد ٹریوس ہیڈ، میتھیو رینشا، کیمرون گرین، ایلکس کیری، جوش انگلس اور کوپر کونولی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔تاہم ان میں سے کوئی بھی کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شرکت نہیں کرے گا۔
Introducing an exciting Australian men’s squad ready to face our oldest rivals in a white-ball series kicking off in Perth on November 13! 🇦🇺🏴
#AUSvENG https://t.co/HPvqGGUzgb
— Cricket Australia (@CricketAus) November 2, 2026
فاسٹ بولر 21 سالہ مہلی بیئرڈمین انجری کے باعث طویل وقفے کے بعد دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ انہیں ون ڈے اور ٹی 20 دونوں اسکواڈز میں شامل کیا گیا ہے۔
آل راؤنڈرز جیک ایڈورڈز اور لیام اسکاٹ بھی دونوں فارمیٹس کی ٹیموں کا حصہ ہیں۔ دونوں کھلاڑی پہلی مرتبہ اپنی سرزمین پر آسٹریلیا کی نمائندگی کریں گے۔اس کے علاوہ 20 سالہ نوجوان بیٹر اولی پیک کو ون ڈے اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔
آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر جارج بیلی نے اسکواڈز کے اعلان کے موقع پر کہا کہ ٹیم اس وقت انتہائی مصروف شیڈول سے گزر رہی ہے۔
ان کے مطابق مختلف فارمیٹس میں کھیلنے والے کھلاڑی جنوبی افریقا کے دورے کے فوری بعد ون ڈے اور ٹی 20 سیریز میں شرکت کریں گے جس کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے پہلے کھلاڑیوں کو جسمانی طور پر تیار اور تازہ دم رکھنے کے لیے وقت محدود ہے۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز کا شیڈول
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 13 نومبر کو پرتھ میں ہوگا جبکہ اگلے میچز ایڈیلیڈ اور ہوبارٹ میں کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20 میچز بھی شیڈول ہیں، جو نومبر کے آخری حصے اور دسمبر کے ابتدائی دنوں میں میلبرن، گولڈ کوسٹ، برسبین، سڈنی اور کینبرا میں ہوں گے۔
ون ڈے اور ٹی 20 اسکواڈز
ون ڈے اسکواڈ: مچل مارش (کپتان)، زیویئر بارٹلیٹ، مہلی بیئرڈمین، ایلکس کیری، کوپر کونولی، جیک ایڈورڈز، کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، اسپینسر جانسن، اولی پیک، میتھیو رینشا، لیام اسکاٹ اور ایڈم زمپا۔
ٹی 20 اسکواڈ: مچل مارش (کپتان)، زیویئر بارٹلیٹ، مہلی بیئرڈمین، نکھیل چوہدری، ٹم ڈیوڈ، جوئل ڈیوس، جیک ایڈورڈز، نیتھن ایلس، جیک فریزر میک گرک، سیم ہارپر، اسپینسر جانسن، مچل اوون، لاکلن شا اور ایڈم زمپا۔
انگلینڈ کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے بعد آسٹریلیا دسمبر میں نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچز کی سیریز 9 دسمبر سے شروع ہوگی۔


