13 سال کے طویل انتظار کے بعد ”گرینڈ تھیفٹ آٹو“ (جی ٹی اے) 6 کی دنیا بھر میں ریلیز شروع ہوگئی ہے اور گیمرز بالآخر ورچوئل شہر ’وائس سٹی‘ میں داخل ہوگئے ہیں۔
نیوزی لینڈ میں جمعرات کو 12 بجتے ہی گیم کی آن لائن ریلیز شروع ہوگئی جس کے چند گھنٹوں بعد آسٹریلیا میں بھی اس گیم کو جاری کر دیا گیا۔ دیگر ممالک اور خطوں میں بھی مقامی وقت کے مطابق اس گیم کی ریلیز جاری ہے۔
البتہ امریکا کے شہر میامی، جسے اس گیم میں بطورِ نمونہ پیش کیا گیا ہے، وہاں کے صارفین کو یہ گیم کھیلنے کے لیے نسبتاً زیادہ انتظار کرنا پڑے گا۔
جی ٹی اے 6 کے شوقین گیمرز نے اس کی ریلیز سے قبل ہی اپنے گیمنگ کنسولز میں یہ گیم ڈاؤن لوڈ کرلی تھی۔
1997 میں پہلی بار متعارف ہونے والی ’گرینڈ تھیفٹ آٹو‘ سیریز کا شمار اب تک کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیم سیریز میں ہوتا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق سڈنی سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ گیمر آصف میر نے رات گئے جب اپنے گیمنگ روم میں جی ٹی اے 6 کھیلنا شروع کیا تو اس کی لائیو اسٹریمنگ بھی کی۔ وہ کہتے ہیں کہ ”میں نے 13 سال انتظار کیا ہے، پورے 13 سال!“

انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے حیران کن ہے، اس کی گرافکس زبردست ہیں۔
آصف میر کا کہنا تھا کہ سب سے بڑے بلکہ شاید اب تک کے بہترین گیم کی آدھی رات کو ہونے والی ریلیز کو چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر گیم کو اچھے ریویو ملے ہیں۔ یہ گیم سونی کے ’پلے اسٹیشن 5‘ اور مائیکروسافٹ کے ایکس باکس سیریز ’ایکس‘ اور ’ایس‘ کنسولز کے لیے دستیاب ہے۔
اس گیم کی تیاری ’ٹیک ٹو انٹرایکٹو‘ کمپنی کے ذیلی ادارے ’راک اسٹار گیمز‘ نے کی ہے اور اس گیم سے اربوں ڈالر کی آمدنی متوقع ہے۔ جی ٹی اے 6 کی ریلیز کے بعد کمپنی کے امریکی حصص میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے والی کمپنی ’سینسر ٹاور‘ کے تخمینے کے مطابق بدھ تک گیم کی تقریباً ایک کروڑ 70 لاکھ کاپیاں فروخت ہو چکی تھیں جن کی مالیت ایک ارب 65 کروڑ ڈالر سے زیادہ بنتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جی ٹی اے 6 کی لاگت پر ایک ارب یا اس سے زیادہ ڈالر خرچ ہوئے ہیں۔
جی ٹی اے کا پہلا گیم آج کے معیار کے مقابلے میں سادہ دکھائی دیتا تھا۔ اس میں گاڑیاں چوری کرنے اور جرائم پیشہ گروہوں کے لیے کام انجام دینے جیسے مشنز شامل تھے، جن پر سیاست دانوں اور والدین کی جانب سے اعتراضات بھی کیے گئے تھے۔ لیکن گیمرز میں یہ گیم خاصا مقبول ہوا تھا۔

اس سیریز کی ہر نئی گیم میں گرافکس اور کہانی پہلے سے زیادہ بہتر ہوتی گئی۔ 2013 میں یعنی 13 سال قبل ریلیز ہونے والے جی ٹی اے 5 کی کہانی امریکی شہر لاس اینجلس سے متاثرہ فرضی شہر ’لاس سینٹوس‘ میں ترتیب دی گئی تھی اور یہ اب تک سب سے زیادہ فروخت ہونے والے ویڈیو گیمز میں سے ایک ہے۔
گیم میں سیریز کی روایتی خصوصیات یعنی جرائم، ڈرائیونگ اور اخلاقی طور پر متنازع مشنز کو برقرار رکھا گیا تھا۔ تاہم اس میں پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگانے، سنیما جانے اور امریکی کلچر پر طنز کرنے والے ریڈیو اسٹیشنز جیسی سرگرمیوں کو بھی شامل کیا گیا تھا۔
اب اس گیم کی کہانی جی ٹی اے 6 میں امریکی ریاست فلوریڈا سے متاثر فرضی ریاست ’لیونیڈا‘ کے شہر ’وائس سٹی‘ میں آگے بڑھتی ہے جسے میامی شہر کے طرز پر بنایا گیا ہے۔ گیم کے دو مرکزی کردار لوسیا کیمینوس اور جیسن ڈووال ہیں اور صارفین کو ان دونوں کے درمیان باری باری کھیلنے کا موقع ملے گا۔
دونوں جرائم میں ایک دوسرے کے ساتھی ہیں جب کہ ان کے درمیان رومانوی تعلق بھی ہے۔ اس کے علاوہ گیم میں نائٹ کلبز، اسلحے کی دکانیں، سمندر میں غوطہ خوری اور چڑیا گھر بھی موجود ہوں گے۔ گیم میں اور بھی بہت کچھ شامل ہے جو اسے کھیلنے والوں کو ہی نظر آئے گا۔

لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ کانٹینٹ کریئٹر بریڈن وہیلے کہتے ہیں کہ جب جی ٹی اے 5 ریلیز ہوا تھا تو وہ بچے تھے۔ اسی لیے وہ غیر معمولی حد تک اس نئی گیم کے لیے پُرجوش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا ارادہ ہے کہ وہ گیم کھیلنے میں اس قدر محو ہوجائیں کہ پوری گیم مکمل کیے بغیر نہ اٹھیں۔
آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں سیلز کے شعبے سے وابستہ 27 سالہ لیوک میکسویل دو بچوں کے والد ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ان کے لیے اس گیم کا انتظار ”کسی عذاب سے کم نہیں تھا۔“ ان کے بقول انہوں نے گیم ریلیز ہوتے ہی کھیلنے کے لیے چھٹی بھی لے رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ”میں نے پہلے ہی اپنے پورے خاندان کو بتا دیا ہے کہ مجھے تنگ نہ کریں، مجھ سے بات نہ کریں۔ میں یہ گیم کھیل رہا ہوں گا اور اس دوران مجھ سے رابطہ ممکن نہیں ہو گا۔“
