پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بالر کائنات امتیاز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
کائنات امتیاز 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں گولڈ اور سلور میڈل جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی تھیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کائنات امتیاز نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 19 ون ڈے انٹرنیشنل اور 21 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔
انہوں نے آخری ون ڈے آسٹریلیا کے خلاف جنوری 2023ء جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی تھائی لینڈ کے خلاف اکتوبر 2022ء میں کھیلا تھا۔
بعد ازاں وہ کمنٹری کے شعبے سے بھی وابستہ ہو گئی تھیں۔کائنات امتیاز اب ویمن میچ ریفری کے بھی فرائض انجام دے رہی ہیں، انہوں نے حال ہی میں ویمن میچ ریفری کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا ہے۔
کائنات امتیاز کا کرکٹ کیریئر
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق کائنات امتیاز نے 2007 میں اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ اور دائیں ہاتھ سے میڈیم فاسٹ بولنگ کرتی ہیں۔
انہوں نے پاکستان ویمنز ٹیم کے علاوہ ایمازونز اور ساؤتھ زون ویمن کی نمائندگی بھی کی۔
بالنگ کارکردگی
کائنات امتیاز نے 19 ون ڈے میچز میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ ون ڈے کرکٹ میں ان کی بہترین بولنگ 49 رنز کے عوض 3 وکٹیں رہیں۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کائنات امتیاز نے 21 میچز کھیلے اور 8 وکٹیں حاصل کیں۔ مختصر فارمیٹ میں ان کی بہترین بولنگ 18 رنز کے عوض 2 وکٹیں رہیں۔
بیٹنگ میں بھی پاکستان کی نمائندگی
کائنات امتیاز نے انٹرنیشنل کرکٹ میں بیٹنگ بھی کی۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں انہوں نے 13 اننگز میں 134 رنز بنائے، ان کا بہترین اسکور 24 رہا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کائنات امتیاز نے 17 اننگز میں 137 رنز بنائے، جبکہ ان کا بہترین اسکور 29 رنز رہا۔
فیلڈنگ میں انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں 3 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 2 کیچز بھی پکڑے۔
کائنات امتیاز کی والدہ سلیمہ امتیاز بھی کرکٹ سے وابستہ ہیں۔


