خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی عزم استحکام ویژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرکے 3 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں دہشتگردوں کے نیٹ ورکس کو کمزور کرنے میں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی میں 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں فتنہ الخوارج کے 3 اہم سرغنہ بھی شامل تھے۔
صدر زرداری کا کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دریں اثناء صدرِ مملکت آصف زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں دہشتگردوں کے نیٹ ورکس کو کمزور کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائیں گے، عزمِ استحکام ویژن کے تحت کارروائیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جاری رکھی جائیں۔
علاوہ ازیں وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈی آئی خان میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
“قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے”محسن نقوی
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں، خوارجیوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے، قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔



