آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے اپنی اہلیہ بیکی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی حقیقت بتاتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان کوئی جھگڑا نہیں ہو رہا تھا بلکہ ان کی اہلیہ سابق آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کی جانب سے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق کیے گئے انکشافات پر شدید ناراض تھیں۔
13 نومبر کو سڈنی میں پریس کانفرنس سے چند گھنٹے قبل پیٹ کمنز اور ان کی اہلیہ بیکی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی، جس میں دونوں کو بظاہر کسی اہم معاملے پر گرما گرم گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا تھا، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ دونوں کے درمیان کسی معاملے پر تلخ کلامی ہوئی ہے۔
تاہم پیٹ کمنز نے پریس کانفرنس میں ان قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے اور اہلیہ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کو دلچسپ سمجھتے ہیں کیونکہ حقیقت میں دونوں کے درمیان جھگڑا نہیں ہو رہا تھا۔ بیکی عثمان خواجہ کے بیانات پر شدید ناراض تھیں اور ان کے انکشافات سے خوش نہیں تھیں۔
پیٹ کمنز نے کہا کہ ایک نجی معاملے کی ویڈیو کا اس طرح عوامی سطح پر زیر بحث آنا قدرے مضحکہ خیز ہے تاہم انہوں نے وضاحت ضروری سمجھی تاکہ اصل صورتحال واضح ہو سکے۔
Pat Cummins having a serious conversation with his wife. https://t.co/fHXR5vY1Zj
— SportsGully Cricket 🏏 (@sportsgullycric) November 12, 2026
پیٹ کمنز نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل بہت سے لوگوں کے لیے ذہنی اور جذباتی طور پر تکلیف دہ رہا اور آسٹریلوی کرکٹ اس مشکل دور سے نکل کر آگے بڑھ چکی ہے۔
کمنز نے واضح کیا کہ وہ عثمان خواجہ سے دوستی کے باوجود ان کے دعوؤں سے اتفاق نہیں کرتے اور ان الزامات کو غیر ذمہ دارانہ سمجھتے ہیں۔
پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے الزامات مسترد کر دیے
پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں تھا کہ میدان میں سینڈ پیپر لے جا کر گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا: ”اگر عثمان کا مطلب یہ ہے کہ ہم سب جانتے تھے کہ سینڈ پیپر میدان میں لے جایا جا رہا ہے تو یہ دعویٰ 100 فیصد غلط ہے، میں گزشتہ آٹھ برس سے یہی بات کہتا آ رہا ہوں کہ مجھے اس معاملے کا علم نہیں تھا۔“
کمنز نے مزید کہا کہ خواجہ نے اپنی کتاب میں ان پر اور دیگر کھلاڑیوں پر سینڈ پیپر کے ذریعے بال ٹیمپرنگ کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام لگایا ہے جو سراسر بے بنیاد ہے۔
آسٹریلوی کپتان کے مطابق عثمان خواجہ ان کے دوست ہیں لیکن دوست ایک دوسرے کی زندگی اور ساکھ کے معاملے میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ نے اپنی کتاب میں ان کی اور کئی دوسرے افراد کی ساکھ کو متاثر کرنے والے دعوے کیے ہیں، جس سے آسٹریلوی کرکٹ کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
پیٹ کمنز نے خواجہ کو اپنی کہانی بیان کرنے کا حق دینے کی حمایت کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص کو اپنے بیانات اور دعوؤں کی ذمہ داری بھی قبول کرنی چاہیے۔
PAT CUMMINS RESPONSE…!!! 🗣️
– It’s complete nonsense, Whatever Usman Khawaja has mentioned, Cummins on Press. https://t.co/d2368CC5h9
— Johns. (@CricCrazyJohns) November 13, 2026
انہوں نے مزید کہا کہ 2018 کا اسکینڈل اس میں ملوث کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے انتہائی تکلیف دہ تھا، اس لیے برسوں بعد اس معاملے کو غیر سنجیدہ انداز میں دوبارہ اٹھانا مناسب نہیں۔
پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کی کتاب میں کیے گئے ایک اور دعوے پر بھی سخت ردعمل دیا، جس میں سابق اوپنر نے کہا تھا کہ ان کے پاکستانی پس منظر اور جلد کے رنگ کی وجہ سے وہ آسٹریلیا کے کپتان نہیں بن سکے۔
کمنز نے اس دعوے کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں خواجہ کی جانب سے اس ہفتے کیے گئے تمام دعوؤں میں یہ سب سے زیادہ سنگین بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا کہ آسٹریلیا کا کپتان بننے کے لیے ایک مخصوص رنگ یا نسل سے تعلق رکھنا ضروری ہے، ایسی بات ہے جس سے وہ بالکل اتفاق نہیں کرتے۔
عثمان خواجہ کی کتاب میں کیا انکشافات کیے گئے؟
اس تنازع کی بنیادی وجہ عثمان خواجہ کی خودنوشت سوانح عمری Sabr: Finding My Way in Cricket and Life ہے، جس میں انہوں نے 2018 کے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے حوالے سے نئے دعوے کیے ہیں۔
عثمان خواجہ کے مطابق جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران بال ٹیمپرنگ کا معاملہ صرف تین کھلاڑیوں تک محدود نہیں تھا بلکہ ٹیم کے دیگر ارکان کو بھی اس سرگرمی کا علم تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پورٹ الزبتھ ٹیسٹ میں بھی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے واقعات پیش آئے تھے اور ٹیم کے زیادہ ممبران کو اس معاملے کا علم تھا۔
واضح رہے کہ 2018 میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا ایک بڑا اسکینڈل سامنے آیا تھا، جسے کرکٹ کی تاریخ میں ”سینڈ پیپر گیٹ“ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
اسکینڈل کے تقریباً ساڑھے آٹھ سال بعد عثمان خواجہ کی خودنوشت سوانح عمری نے ایک مرتبہ پھر اس معاملے کو موضوع بحث بنا دیا ہے۔
خواجہ کے نئے دعوؤں نے اس وقت کے آسٹریلوی ڈریسنگ روم میں موجود کھلاڑیوں کے کردار اور معلومات سے متعلق نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
یوں عثمان خواجہ کی کتاب میں کیے گئے انکشافات نے آٹھ سال پرانے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے جبکہ پیٹ کمنز کے سخت ردعمل اور ان کی اہلیہ کی ویڈیو نے اس تنازع کو کرکٹ کے میدان سے باہر بھی ایک بڑی بحث بنا دیا ہے۔



