امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اعلیٰ مشیروں کو عندیہ دیا ہے کہ اگر ایران یا یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے کوئی نئی اشتعال انگیزی نہ ہوئی تو امریکا ایران پر مزید حملے کرنے سے گریز کر سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس معاملے سے باخبر تین افراد نے بتایا ہے کہ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں قومی سلامتی کے مشیروں کے ساتھ ملاقاتوں اور انٹیلی جنس بریفنگز کے بعد ایران پر نئے حملے روکنے کے امکان پر غور کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کبھی جنگ میں شدت لانے اور مزید حملوں کی دھمکیاں دیتے ہیں تو کبھی جنگی کارروائیاں ختم کرنے کے اشارے دیتے ہیں، موجودہ اور سابق امریکی حکام کے مطابق صدر نے تاحال اس تنازع کے خاتمے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
ٹرمپ نے جمعرات کو کھیلوں کے نشریاتی ادارے کے میزبان اسٹیفن اے اسمتھ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنگ فوری طور پر ختم کر سکتے ہیں، تاہم ان ممالک کی درخواست پر جو امریکا کے تحفظ کے خواہاں ہیں، وہ زیادہ محتاط اور نسبتاً طویل راستہ اختیار کر رہے ہیں۔
سعودی عرب اور ترکیہ کا جنگ دوبارہ شروع نہ کرنے کا مشورہ
رائٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں دونوں رہنماؤں نے انہیں ایران کے خلاف دوبارہ حملے شروع نہ کرنے کا مشورہ دیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے 31 اکتوبر کو سعودی ولی عہد کو بتایا تھا کہ وہ امریکی انتخابات کے بعد ایران پر حملے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم محمد بن سلمان نے انہیں ایسا کرنے سے روکنے کی درخواست کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ایران پر اقتصادی پابندیاں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔
ترکیہ کے صدارتی دفتر کے مطابق ٹرمپ اور اردوان کے درمیان 28 اکتوبر کے بعد تین مرتبہ رابطہ ہوا، 7 نومبر کی گفتگو کے سرکاری اعلامیے میں بھی ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
امریکی پابندیاں ایرانی معیشت کو متاثر کر رہی ہیں
امریکی انٹیلی جنس اداروں کے جائزے کے مطابق ایران کی بحری تجارت پر امریکی ناکہ بندی اور اقتصادی پابندیاں ایرانی معیشت کو متاثر کر رہی ہیں اور تہران پر دباؤ برقرار رکھ سکتی ہیں۔
رائٹرز کے مطابق امریکی فوج ایران کی بحری تجارت کی ناکہ بندی کے علاوہ زمینی راستوں اور بحیرہ کیسپین کے ذریعے ہتھیاروں اور پابندیوں کے زمرے میں آنے والے سامان کی ایران آمد روکنے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔
رپورٹ میں امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکی فوج ضرورت پڑنے پر ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں شدت لانے کے لیے تیار ہے۔
مشرق وسطیٰ میں ایک تیسرا امریکی طیارہ بردار بحری جہاز بھی پہنچنے والا ہے جو خطے میں پہلے سے موجود دو طیارہ بردار جہازوں میں سے ایک کی جگہ لے گا تاہم ضرورت پڑنے پر تینوں جہاز خطے میں تعینات رہ سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ ایران کی زیر زمین جوہری تنصیبات پر دوبارہ بمباری کے آپشن پر بھی غور کر سکتے ہیں تاہم امریکا پہلے ہی ان تنصیبات کو نشانہ بنا چکا ہے اور مزید حملوں کی کامیابی کے امکانات واضح نہیں۔
امریکی انٹیلی جنس حکام کے مطابق نئے حملوں سے مذاکرات میں ایران کے مطالبات میں نمایاں تبدیلی آنے کا امکان بھی کم ہے۔
رائٹرز کے مطابق ٹرمپ کو امریکی ہتھیاروں کے ذخائر کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ہے، جن میں سے بعض طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید ہتھیاروں کی تعداد تشویش ناک حد تک کم ہو چکی ہے۔
وائٹ ہاؤس نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج کے پاس صدر کے تمام تزویراتی اہداف پورے کرنے کے لیے کافی اسلحہ اور گولہ بارود موجود ہے۔
اسرائیل کی جانب سے مزید فوجی کارروائیوں کے لیے امریکا پر دباؤ
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام امریکی انتظامیہ پر ایران کے خلاف ایک اور فوجی مہم شروع کرنے کے لیے مسلسل زور دے رہے ہیں۔
دوسری جانب ٹرمپ نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، ان کے بقول امریکا ایران کے مالی وسائل اور آبنائے ہرمز پر کنٹرول رکھتا ہے۔
ایران کے ساتھ جنگ کے باعث عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ امریکا میں بھی جنگ کو عوامی سطح پر مخالفت کا سامنا ہے۔
رائٹرز کے مطابق 3 نومبر کے انتخابات سے قبل کیے گئے ایک سروے میں 55 فیصد امریکی شہریوں نے کہا تھا کہ جنگ کی قیمت اس کے فوائد کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ گزشتہ ہفتے ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں صدر ٹرمپ کی ری پبلکن جماعت کانگریس کا کنٹرول ڈیموکریٹس کے ہاتھوں کھو بیٹھی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی کانگریس میں ری پبلکن جماعت کی شکست کی ایک وجہ ایران جنگ کو قرار دیا تھا۔
ادھر وائٹ ہاؤس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ امریکا کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام فیصلے خود کریں گے اور یہ فیصلہ بھی انہی کے اختیار میں ہے کہ وہ کب اور کیا اقدام کرتے ہیں۔



