عالمی بینک نے سندھ کے دیہی علاقوں میں صاف پانی، نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کی سہولیات بہتر بنانے کیلیے 30 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی۔
عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق مالی معاونت سندھ ٹرانسفارمیشنل ایکسلریٹڈ رورل واٹر سپلائی، سینی ٹیشن اینڈ ہائیجین سروسز منصوبے کے پہلے مرحلے اسٹار واش ون پر خرچ کی جائے گی، جس کے تحت دیہی علاقوں میں 15 لاکھ افراد کو صاف پانی، محفوظ نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کی بہتر سہولیات تک رسائی فراہم کی جائے گی۔
عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار کے مطابق بچوں کی نشوونما میں رکاوٹ پاکستان کے انسانی وسائل کو درپیش سنگین اور مسلسل چیلنجز میں سے ایک ہے، آلودہ پانی، ناقص نکاسی آب اور صفائی کی سہولیات کا فقدان اس مسئلے کی بڑی وجوہات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے دیہی علاقوں میں 15 لاکھ افراد کو صاف پانی اور صفائی کی سہولیات فراہم کرنے سے بچوں کی نشوونما متاثر ہونے کی بنیادی وجوہات میں سے ایک پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
عالمی بینک کے مطابق آلودہ پانی اور ناقص صفائی کے باعث چھوٹے بچوں کو بار بار اسہال کی بیماری لاحق ہوتی ہے، جبکہ سندھ کے دیہی علاقوں میں پانچ سال سے کم عمر نصف سے زائد بچے اپنی عمر کے لحاظ سے مطلوبہ قد حاصل نہیں کر پاتے۔
اعلامیے کے مطابق منصوبے کے تحت موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے والا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جائے گا، جس میں شمسی توانائی سے چلنے والے پانی کی فراہمی کے نظام اور نکاسی آب کے بہتر انتظامات شامل ہوں گے۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ منصوبے سے 14 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ سیلاب متاثرین کیلیے سندھ پیپلز ہاؤسنگ منصوبے کو باقاعدہ دیہی پانی اور صفائی کی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی کی شکل دینے میں بھی معاونت کی جائے گی۔
عالمی بینک کے مطابق اسٹار واش ون پاکستان کے دیہی علاقوں میں پانی، نکاسی آب اور صفائی کی سہولیات سے متعلق 10 سالہ پروگرام کے 4 مراحل میں سے پہلا مرحلہ ہے، جسے مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔


