ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کی سروسز دو روز بند رہنے کے بعد بحال ہو گئی ہیں اور دنیا بھر میں دفتری و کاروباری سرگرمیاں اپنے معمولات پر آگئی ہیں۔ تاہم اس واقعے نے دنیا بھر کے اداروں اور لوگوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ آیا روزمرہ معمولات کو چلانے کے لیے کیا صرف بڑی ٹیک فرمز پر انحصار کیا جا سکتا ہے؟
امریکی خبر رساں دارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق مائیکروسافٹ 365 سروسز میں خرابی جمعرات کو شروع ہوئی اور جیسے ہی جمعہ کو یہ بندش اپنے دوسرے روز میں داخل ہوئی تو مائیکروسافٹ نے بیان جاری کیا کہ اس ضمن میں ’حوصلہ افزا پیش رفت‘ ہوئی ہے تاہم کمپنی نے خبردار کیا کہ بعض صارفین کو ’وقفے وقفے سے رسائی یا تاخیر سے ای میل کی ترسیل‘ کے مسائل برقرار رہ سکتے ہیں۔
آن لائن سروسز کی بندش پر نظر رکھنے والے پلیٹ فارم ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق مائیکرو سافٹ کی سروسز کی بندش کا مسئلہ سامنے آنے کے ایک گھنٹے کے اندر 74 ممالک اور علاقوں سے خرابی کی شکایات موصول ہوئیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس بات کا اندازہ لگانا تو مشکل ہے کہ سروسز کی بندش سے دنیا بھر میں کتنے افراد متاثر ہوئے۔ البتہ مائیکروسافٹ نے رواں برس جنوری میں اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ اس کی مائیکروسافٹ 365 سروسز کے دنیا بھر میں 45 کروڑ سے زائد بامعاوضہ کاروباری صارفین ہیں۔
مائیکروسافٹ نے سروسز میں خرابی کے بعد سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ میں لکھا، ”ہم جانتے ہیں کہ صارفین روزمرہ کے اہم امور سرانجام دینے کے لیے ہماری سروسز پر انحصار کرتے ہیں، انہیں پیش آنے والی مشکلات پر ہمیں افسوس ہے۔“
We’re seeing encouraging recovery progress, with service availability and email delivery performance improving across a growing portion of affected infrastructure. We know our customers rely on our services to get important work done every day, and regret the impact these outages had on those who depend on us.
We will continue to share more information as we have it, and for now we can confirm that there is no indication this is the result of malicious or cyber activity. Our teams are reviewing what happened and how we can prevent similar issues going forward.
— Microsoft 365 Status (@MSFT365Status) November 13, 2026
مائیکروسافٹ سروسز میں خرابی اس بات کی تازہ مثال ہے کہ جب مواصلات اور ٹیکنالوجی کے کئی پلیٹ فارمز ایک ہی کمپنی پر انحصار کرتے ہوں تو ایک خرابی کے باعث کئی شعبوں کا کام متاثر ہو سکتا ہے۔ امریکا سے باہر بعض قانون سازوں کا بھی کہنا ہے کہ اس واقعے نے امریکی ٹیکنالوجی پر حد سے زیادہ انحصار کے نقصانات واضح کر دیے ہیں۔
گلاسگو یونیورسٹی کے اسکول آف کمپیوٹنگ سائنس کے پروفیسر جیریمی سنگر کا کہنا ہے کہ ای میلز کی آمد و رفت بند ہونے سے بہت سے آفس ملازمین کو ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے انہیں گھر بیٹھے اچانک چھٹی مل گئی ہو۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ”یہ مسئلہ اس انحصار کو بھی نمایاں کرتا ہے جو ہم نے ایک ہی کمپنی کے ڈیجیٹل نظام پر قائم کر رکھا ہے اور اس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہمیں اپنے آئی ٹی نظام کو مزید قابلِ اعتماد اور خرابیوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کی ضرورت ہے؟“
مائیکروسافٹ کی سروسز بحال کرنے کی کوششیں
مائیکروسافٹ 365 کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یکے بعد دیگرے جاری کی گئی پوسٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی کے انجینئرز کو کافی دیر تک خرابی پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
اس دوران دوسری کمپنیوں اور صارفین نے بھی مائیکروسافٹ کی کارکردگی پر طنز کے تیر برسائے۔ تاہم ٹیکنالوجی کمپنی نے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ سروسز میں خرابی کسی شرپسندانہ سرگرمی کے باعث ہوئی۔
We’re seeing encouraging recovery progress, with service availability and email delivery performance improving across a growing portion of affected infrastructure. We know our customers rely on our services to get important work done every day, and regret the impact these outages had on those who depend on us.
We will continue to share more information as we have it, and for now we can confirm that there is no indication this is the result of malicious or cyber activity. Our teams are reviewing what happened and how we can prevent similar issues going forward.
— Microsoft 365 Status (@MSFT365Status) November 13, 2026
کمپنی نے جمعے کو خاص طور پر واضح کیا تھا کہ اس واقعے کا سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ مائیکروسافٹ نے بتایا کہ نیٹ ورک میں حالیہ تبدیلی کے بعد سسٹم کو اپ گریڈ کیا جا رہا تھا جس کے دوران تکنیکی خرابی پیدا ہوئی۔ کمپنی کے مطابق سروسز مرحلہ وار بحال کی گئیں جس کے باعث اس عمل میں زیادہ وقت لگا۔
مائیکروسافٹ نے اپنی ایکسچینج آن لائن ای میل سروس کے میل باکسز میں مسائل دور کرنے کی کوششوں کے دوران پہلے بتایا تھا کہ خودکار جانچ کے عمل میں خرابی کے باعث اس کے متعدد سرورز اچانک دستیاب نہیں رہے تھے۔
’ہم ای میل بھیج پا رہے ہیں نہ وصول کر پا رہے ہیں‘
مائیکروسافٹ سروسز کی خرابی کے دوران آؤٹ لک استعمال کرنے والے کئی صارفین نے شکایت کی کہ وہ نہ ای میل بھیج پا رہے ہیں اور نہ ہی وصول کر پا رہے ہیں۔ بعض صارفین کے لیے اپنا ان باکس کھولنا بھی مشکل ہو گیا تھا۔ یہ مسائل جمعے تک دنیا کے کئی حصوں میں رہے۔
آخر کار امریکا میں جمعے کی صبح مائیکروسافٹ نے بتایا کہ ای میلز کی ترسیل کے منتظر پیغامات کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے اور صورتِ حال معمول پر آنے کے قریب ہے۔ تاہم کمپنی نے خبردار کیا کہ بعض صارفین کو وقفے وقفے سے سروس تک رسائی اور ای میلز کی ترسیل میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کون کون متاثر ہوا؟
مائیکروسافٹ سروسز میں خرابی سے دنیا بھر میں عدالتوں سے لے کر فارمیسیوں تک کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں مائیکروسافٹ کی سروسز میں خرابی کے باعث ایک مقدمے کی سماعت روکنا پڑی۔ جج موریس گرین نے تاخیر کے باعث جیوری کے ارکان کو گھر بھیج دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتِ حال سے ظاہر ہوتا ہے کہ عدالتی نظام کا ٹیکنالوجی پر انحصار کس قدر خطرناک ہو سکتا ہے۔
اسی طرح برطانوی پولیس نے بھی بتایا کہ وہ آن لائن جرائم کی شکایات وصول کرنے سے قاصر ہے اور لوگوں سے کہا کہ فوری مدد کے لیے فون پر رابطہ کریں۔
اس خرابی سے امریکا میں بھی قانون نافذ کرنے والے بعض ادارے متاثر ہوئے۔ ریاست کولوراڈو کی اروپاہو کاؤنٹی کے شیرف آفس نے بتایا کہ آن لائن ضمانتی رقم کی ادائیگی کی سہولت بھی متاثر ہوئی ہے۔
برطانیہ میں نیشنل فارمیسی ایسوسی ایشن نے بھی صارفین کو خبردار کیا کہ انہیں ادویات کے حصول میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مائیکروسافٹ کی خرابی سے نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) بھی متاثر ہوئی اور خدشہ پیدا ہوا کہ ڈاکٹر ای میل کے ذریعے ادویات کے نسخے فارمیسیوں کو نہیں بھیج سکیں گے۔
ادھر سنگاپور، جاپان، یونان اور ناروے کی حکومتوں نے بھی بتایا کہ مائیکروسافٹ کی سروسز میں خرابی سے ان کے بعض سرکاری امور متاثر ہوئے جن میں کچھ وزارتوں اور سرکاری اداروں کی ای میل سروسز بھی شامل ہیں۔
کاروباری شعبے کو بھی اس خرابی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہانگ کانگ میں ایلومینیم کمپنی کے مالک ڈینی لاؤ نے بتایا کہ ان کا ادارہ آؤٹ لک کے ذریعے امریکی صارفین سے کاروباری معلومات اور تازہ اپ ڈیٹس وصول نہیں کر پا رہا تھا۔ ہانگ کانگ کے بعض بینکوں نے بھی سروسز کی بندش کی شکایات کیں۔
مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں اوپن اے آئی اور اینتھروپک نے بھی مائیکروسافٹ 365 کے ٹولز سے رابطے میں مسائل کی اطلاع دی۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جیسے جیسے لوگ دوسری کمپنیوں کے سافٹ ویئر استعمال کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارمز پر انحصار بڑھا رہے ہیں ویسے ہی ایک سروس میں خرابی کے اثرات دیگر ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز تک بھی پھیل رہے ہیں۔
2024 کے واقعے سے موازنہ
بعض ماہرین اور مبصرین نے مائیکروسافٹ کی حالیہ خرابی کا موازنہ 2024 میں سائبر سکیورٹی کمپنی کراؤڈ اسٹرائیک کی سروسز میں آنے والی خرابی سے کیا ہے۔ اس وقت مائیکروسافٹ ونڈوز استعمال کرنے والے کمپیوٹرز کو ایک ناقص سافٹ ویئر اپ ڈیٹ نے متاثر کیا تھا جس کے باعث پروازیں روکنا پڑیں جبکہ اسپتالوں، بینکوں اور ریٹیل کاروبار کا کام بھی متاثر ہوا تھا۔
خصوصاً مغربی یورپ کی حکومتیں اور ادارے ”ڈیجیٹل خودمختاری“ کے لیے چند بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی خدمات پر اپنا انحصار کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مائیکروسافٹ کی حالیہ خرابی کے بعد یہ مطالبات ایک بار پھر سامنے آئے ہیں۔
’حالیہ بندش نے متبادل نظام کی اہمیت واضح کر دی ہے‘
برطانوی پارلیمان کی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمیٹی کی سربراہ چی اونورا نے کہا کہ مائیکروسافٹ کی خرابی نے ایک بار پھر برطانیہ کے ڈیجیٹل نظام میں متبادل انتظامات کی کمی اور اس انحصار سے قومی سلامتی، معیشت اور سرکاری خدمات کو لاحق خطرات کو نمایاں کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی کمیٹی پہلے بھی خبردار کر چکی ہے کہ برطانیہ چند امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے جس کے باعث مقامی سطح پر متبادل ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ترقی کے مواقع نہیں مل رہے۔
جرمنی کی وزارت برائے ڈیجیٹلائزیشن کے ترجمان فلورین ڈرکنتھینر نے کہا کہ حکومت کے آئی ٹی سکیورٹی ادارے کے مطابق مائیکروسافٹ کی خرابی سے جرمنی کے کاروباری شعبے کا بڑا حصہ متاثر ہوا۔ تاہم حکومتی سطح پر بڑے پیمانے پر کسی خلل کی اطلاع نہیں ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے متبادل نظام اور اضافی انتظامات تیار کرنے کی اہمیت واضح کر دی ہے اور جرمنی اس حوالے سے کام کر رہا ہے۔


