سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے باڑہ میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کے 5 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کرتے ہوئے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائی میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔
دہشتگردوں کی نوکچہ میں خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کی کوشش
ذرائع کے مطابق فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے نوکچہ میں ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ دہشتگرد این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے، 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی کارروائیوں میں ملوث 11 دہشتگرد مارے گئے تھے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے پرعزم ہیں، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دو دن قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ بلوچستان میں 96 گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا ہے۔



