انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) پشاور نے 9 مئی ’ریڈیو پاکستان حملہ کیس‘ میں نامزد خیبرپختونخوا کے معزول وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
ہفتے کو اے ٹی سی پشاور میں 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس کی سماعت ہوئی جہاں کیس میں نامزد سہیل آفریدی اور تحریک انصاف کے رہنما عامر چمکنی کو فوجداری قانون کی دفعہ 87 کے تحت نوٹسز جاری کیے۔
سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے بتایا کہ سہیل آفریدی کو ریڈیو پاکستان کی درخواست پر نامزد کیا گیا۔ اس کیس میں 80 سے زائد ملزمان نامزد ہیں۔
عدالت نے کہا کہ سہیل آفریدی اور عامر چمکنی کے نوٹس گھر اور دفتر پر آویزاں کیے جائیں گے۔ عدم پیشی پر دفعہ 512 کے تحت اشتہاری قرار دیا جائے گا۔
عدالت نے کہا کہ اشتہاری قرار دینے کے ساتھ ہی دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے جائیں گے۔
اس سے قبل 11 نومبر کو اے ٹی سی نے اسی کیس میں عدم حاضری پر ایک بار پھر سہیل آفریدی کے وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے۔
سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کو صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد سے وہ منظر سے غائب ہیں۔
ان کی حراست کی تصدیق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کے دوران کی تھی۔ انہوں نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ ”ہاں میں تصدیق کر سکتا ہوں کہ وزیر اعلیٰ اور ان کی کابینہ کے کچھ افراد کو حفاظتی تحویل (پری ونٹیو کسٹڈی) میں لیا گیا ہے۔“
دوسری جانب سہیل آفریدی سمیت دیگر رہنماؤں کی بازیابی کے لیے ان کی پارٹی اور اہل خانہ نے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا تاہم وفاقی آئینی عدالت نے ان درخواستوں پر سماعت روکنے کا حکم جاری کر دیا تھا جس کے بعد ہائی کورٹ نے ان کیسز کو اپنی کاز لسٹ سے نکال دیا تھا۔
ریڈیو پاکستان حملہ کیس نو مئی 2023 کے پُرتشدد مظاہروں کی لہر کے بعد درج کیا گیا تھا۔ نو مئی کو سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پُرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔ اس دوران مشتعل افراد نے پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت میں توڑ پھوڑ کی تھی جس کے کے خلاف پشاور کے تھانہ ایسٹ کینٹ میں درج کیا گیا تھا۔
کیس میں سہیل آفریدی کو ان کے صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے چھٹے روز یعنی اکتوبر 14 کو نامزد کیا گیا تھا۔ پولیس نے ضمنی چالان میں سہیل آفریدی کے علاوہ سابق صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش، پی ٹی آئی پشاور کے ضلعی صدر عرفان سلیم اور پارٹی کارکن عامر خان چمکنی کو بھی ملزم نامزد کیا تھا۔
