حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کردی۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 332 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 4 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 360 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اوگرا نے 13 نومبر کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، تین دن میں پیٹرول 14 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
حکومت نے گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ
واضح رہے کہ ڈیزل کی قیمت 3 اپریل کو 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد اب کم ہو چکی ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان 28 فروری کو جنگ شروع ہوئی تو ڈیزل 281 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت میں اضافہ شروع ہوا۔
پیٹرول کی قیمت بھی مارچ کے پہلے ہفتے میں 266 روپے فی لیٹر سے بڑھنا شروع ہوئی اور 3 اپریل کو 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے بھی ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
اس سے قبل 17 جولائی کو وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان خلیج فارس میں دوبارہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی۔
رواں سال ہی مارچ کے آغاز سے حکومت ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کر رہی تھی۔ اس دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر ایندھن کی بچت کے اقدامات بھی کیے گئے۔



