سکیورٹی فورسزکی خیبرپختونخوا میں عزم استحکام ویژن کےتحت فتنہ الخوارج کیخلاف مؤثرکارروائیاں جاری ہیں ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرکے فتنہ الخوارج کے8دہشتگردہلاک کردئیے ،آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پرکیا گیا۔
ہلاک ہونیوالے 8 دہشتگردوں میں فتنہ الخوارج کے3 اہم سرغنہ بھی شامل ہیں جن سے غیرملکی کرنسی اوربڑی مقدارمیں اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
سکیورٹی فورسزعزم استحکام ویژن کےتحت دہشتگردی کےمکمل خاتمےاورپائیدارامن کے قیام کیلئے پرعزم ہیں۔
پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وزیر اعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔
انہوں نے فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں ہلاک کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی بہادری اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ہے،محسن نقوی
ادھروفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی ڈی آئی خان میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے 8 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ہے، سکیورٹی فورسز دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔
سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں،قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


