مائیکروسافٹ کی ای میل سروس ’آؤٹ لک‘، ویڈیو میٹنگ پلیٹ فارم ’ٹیمز‘ اور مصنوعی ذہانت کے ٹول ’کو پائلٹ‘ میں تکنیکی خرابی کے باعث دنیا بھر میں صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مائیکروسافٹ کی سروسز میں خرابی کی اطلاعات نئی نہیں۔ رواں سال 22 جنوری کو بھی مائیکروسافٹ کی سروسز متاثر ہوئی تھیں جب آؤٹ لک سمیت مائیکروسافٹ 365 کی متعدد سروسز تک رسائی میں مشکلات پیش آئیں۔ گزشتہ برس 29 اکتوبر کو بھی کمپنی کے کلاؤڈ پلیٹ فارم ایژور میں خرابی کے باعث بھی دنیا بھر میں متعدد آن لائن سروسز متاثر ہوئی تھیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 12 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود یہ سروسز مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکیں جس کے باعث دنیا بھر میں سرکاری و نجی اداروں اور کاروباری کمپنیوں میں معمول کا کام متاثر ہوا ہے۔
سائبر حملے یا دیگر سرگرمیوں کا علم نہیں، مائیکروسافٹ
مائیکروسافٹ نے اس خرابی کی وجہ سرورز میں مسائل کو قرار دیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے کسی سائبر حملے یا بدنیتی پر مبنی سرگرمی کا علم نہیں۔
اپنے تازہ بیان میں مائیکروسافٹ نے بتایا ہے کہ سروسز کی بحالی کے لیے مزید اقدامات کیے گئے ہیں اور ان کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق اس خرابی کی وجہ سے دنیا بھر میں ایئرلائنز، اسٹاک ایکسچینج و انشورنس کمپنیاں، اے آئی کمپنیاں اور گاڑیاں بنانے والی فرمز سمیت مختلف کمپنیاں اور ادارے متاثر ہوئے ہیں۔
صارفین کا اعتماد متاثر ہونے کا خدشہ
ٹریڈنگ پلیٹ فارم ای ٹورو کے مارکیٹ تجزیہ کار جوش گلبرٹ نے رائٹرز سے گفتگو میں بتایا کہ رواں سال مائیکروسافٹ 365 کی سروسز دوسری مرتبہ متاثر ہوئی ہیں، سرمایہ کار فی الحال تو اس تعطل کو برداشت کر لیں گے لیکن اگر سروسز میں خرابی بار بار سامنے آتی رہی تو ادارے کسی بہتر آپشن کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں۔
’خرابی کا زیادہ تر اثر ای میل سسٹم پر پڑا‘
آسٹریلیا کے سائبر سکیورٹی وزیر ٹونی برک نے رائٹرز کو بتایا کہ مائیکروسافٹ کے مطابق یہ سائبر حملے کا معاملہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ خرابی کا زیادہ تر اثر ای میل سسٹمز پر پڑا ہے۔
آسٹریلیا کی خفیہ ایجنسی اور وفاقی پولیس بھی اس تعطل سے متاثر ہونے والے اداروں میں شامل ہیں۔
امریکی ایوان نمائندگان نے بھی تصدیق کی کہ مائیکروسافٹ کی سروسز میں خرابی سے صارفین متاثر ہوئے ہیں اور مسئلے کے حل کے لیے تکنیکی ماہرین مائیکروسافٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
جاپان کے ڈپٹی چیف کیبنٹ سیکرٹری ماساناؤ اوزاکی نے صحافیوں کو بتایا کہ خرابی سے حکومتی انفارمیشن سسٹم کا بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوا ہے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق اس کے وہ فیچرز متاثر ہوئے ہیں جن کا انحصار ایکسچینج آن لائن اور ای میل سسٹم پر ہے جبکہ وہ فیچرز کام کر رہے ہیں جن کا انحصار اس نظام پر نہیں تھا۔
خیال رہے کہ ایکسچینج آن لائن مائیکروسافٹ کا کلاؤڈ پر مبنی ای میل سسٹم ہے جو صارفین کو ای میل، کیلنڈر، رابطوں اور دیگر سہولیات فراہم کرتا ہے۔
