سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 74 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بدھ کو خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پولیس پارٹی پر حملے کے نتیجے میں 10 اہلکار شہید اور 18 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کنڈاوا پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملے کی کوشش ناکام بنائی گئی جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید ہوگئے، سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 3 حملہ آور دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے تھے۔
خیبرپختونخوا میں 43 دہشت گرد ہلاک
ڈی جی آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں خیبرپختونخوا میں کیے گئے سکیورٹی فورسز کے آپریشن سے متعلق بتایا گیا کہ دہشت گردوں کے خطرات ختم کرنے اور دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں جن کا دائرہ میر علی اور اورکزئی تک بڑھا دیا گیا ہے، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ان کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز نے ’خوارج‘ کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا، ”شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد میر علی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 35 دہشت گرد ہلاک جبکہ اورکزئی میں 8 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے جس سے ان علاقوں میں سرگرم خوارج کے نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا۔“
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ علاقے کی کلیئرنس کے دوران دہشت گردوں سے دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز سمیت اسلحے، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کی بڑی مقدار بھی برآمد کی گئی جس سے دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ان مواد کے استعمال کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
آئی ایس پی آر اعلامیے کے مطابق علاقوں میں چھپے خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
بلوچستان میں 31 دہشت گرد ہلاک
ایس پی آر کے مطابق، ”بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف 3 نومبر سے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بنیادوں پر جامع کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔“
جاری اعلامیے کے مطابق، ”ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور متعدد جھڑپوں کے بعد 31 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے اور ان کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔“
آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلا تعطل کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا جاسکے۔
صدر اور وزیراعظم کا دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں میں 74 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور کامیابیوں کو سراہا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا خیبر پختونخواہ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 31 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں قومی عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہیں: صدر آصف علی زرداری
پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں: صدرِ مملکت
دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کا ثبوت ہے: صدر زرداری
فتنہ الخوارج اور فتنہ ہندوستان کے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کا تقاضا ہے: صدرِ مملکت
پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے: صدر زرداری
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 13, 2026
صدر مملکت نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔



