بھارتی کرکٹ کے نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی نے مردوں کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کم عمر ترین کپتان بننے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ انہوں نے محض 15 سال اور 232 دن کی عمر میں ریاست بہار کی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے کروڑوں کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔
14 نومبر 2026 کو بھارت کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ سید مشتاق علی ٹرافی کے افتتاحی میچ میں ویبھو سوریاونشی نے سوراشٹر کے خلاف بہار کی کپتانی کی، یہ مقابلہ اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
رائٹرز کے مطابق اس اعزاز کے ساتھ انہوں نے کروشیا کے زیک ووکوسک کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 17 سال اور 311 دن کی عمر میں اپنی قومی ٹیم کی قیادت کی تھی، یوں بھارتی نوجوان بیٹر نے سابق ریکارڈ ہولڈر سے تقریباً ڈیڑھ سال کم عمر میں یہ اعزاز حاصل کیا۔
ویبھو سوریاونشی نے کپتانی کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم وہ اپنی بیٹنگ سے نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
بائیں ہاتھ کے جارحانہ بلے باز نے 12 گیندوں پر 18 رنز بنائے، جس میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، انہیں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر چیتن سکاریا نے آؤٹ کیا۔
Vaibhav Suryavanshi FAILS on his captaincy debut in the SMAT 😭
– Walks back after scoring just 18 runs. https://t.co/qoK5s3vk9d
— Mukku (@Cric_Mukku) November 14, 2026
دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بہار کرکٹ ایسوسی ایشن نے ویبھو کو ٹورنامنٹ کے ابتدائی دو میچوں کے لیے کپتان مقرر کیا تھا جبکہ سورج کشیپ کو نائب کپتان بنایا گیا۔
ویبھو سوریاونشی کو 2026-27 کی ڈولیپ ٹرافی میں ایسٹ زون کا نائب کپتان بھی مقرر کیا گیا تھا، جہاں وہ بھارتی وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن کے نائب کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
ویبھوسوریا ونشی سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ بھی توڑ چکے ہیں
ویبھو سوریاونشی اس سے قبل بھی کم عمری میں عالمی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں، جولائی 2026 میں انہوں نے انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔
انہوں نے 15 سال اور 99 دن کی عمر میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرکے سچن ٹنڈولکر کا بھارت کی جانب سے کم عمر ترین انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے کا ریکارڈ توڑا۔
وہ بھارت کی مردوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں نمائندگی کرنے والے 122ویں کھلاڑی بنے، اب تک 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 295 رنز بنا چکے ہیں، جن میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔
آئی پی ایل میں 35 گیندوں پر سنچری، 72 چھکوں کا ریکارڈ
کرک بز کے مطابق ویبھو سوریاونشی نے 2025 کے انڈین پریمیئر لیگ میں راجستھان رائلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 35 گیندوں پر سنچری بنا کر دنیا بھر میں توجہ حاصل کی تھی، یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تیز ترین سنچریوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے گزشتہ سال سید مشتاق علی ٹرافی میں بھی مہاراشٹر کے خلاف 58 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی اور اس ٹورنامنٹ کی تاریخ کے کم عمر ترین سنچری بنانے والے بلے باز بنے تھے۔
ان کی غیر معمولی کارکردگی کا سلسلہ 2026 کے آئی پی ایل میں بھی جاری رہا، جہاں انہوں نے 16 میچوں میں 776 رنز بنائے اور 237.30 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کی۔ اس دوران انہوں نے 72 چھکے لگا کر ایک آئی پی ایل سیزن میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
وہ آئی پی ایل 2026 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے اور اورنج کیپ بھی حاصل کی۔
کرکٹ کی دنیا میں نئی تاریخ: محض 15 سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے، آئی پی ایل میں ریکارڈ ساز بیٹنگ کرنے اور اب مردوں کی ٹی ٹوئنٹی تاریخ کا کم عمر ترین کپتان بننے والے ویبھو سوریاونشی نے بھارتی کرکٹ میں ایک غیر معمولی مقام حاصل کرلیا ہے۔ ان کی حالیہ کامیابی نے انہیں عالمی کرکٹ کے نمایاں نوجوان کھلاڑیوں میں شامل کردیا ہے۔



