سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مالک کمپنی ’میٹا‘ پر اینڈرائڈ صارفین کے ڈیٹا تک رسائی کے معاملے میں 245 ارب روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اٹلی کے ڈیٹا پروٹیکشن ایجنسی نے ہفتے کو بتایا ہے کہ اس نے میٹا پلیٹ فارمز پر 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر (245 ارب 69 کروڑ 90 لاکھ پاکستانی روپے) کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ ادارے کے مطابق تحقیقات میں یہ سامنے آیا کہ کمپنی نے اینڈرائڈ صارفین کی تصاویر اور ویڈیوز تک ان کی رضا مندی یا انہیں آگاہ کیے بغیر رسائی حاصل کی۔
اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ میٹا کو فیس بک ایپ کے ایک فیچر کے ذریعے اینڈرائڈ صارفین کی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی حاصل تھی۔ یہ فیچر صارفین کی ذاتی گیلریز میں موجود ایسا مواد تجویز کرتا تھا جسے وہ پوسٹ کرسکتے تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ میٹا کے پاس اس فیچر کو بطور ڈیفالٹ بند کرنے اور الگ سے صارفین کی رضا مندی حاصل کرنے کے لیے 60 دن کی مہلت ہے۔
دوسری جانب میٹا نے اس معاملے پر فوری طور ردِعمل نہیں دیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق تحقیقات کا آغاز سال 2025 میں ہوا تھا اور اس میں یہ جائزہ نہیں لیا گیا تھا کہ آیا اس مواد کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) کے ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال کیا گیا ہو۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ میٹا اس طرح کے استعمال کی تردید کرتی ہے۔
ڈیٹا پروٹیکشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس نے 2026 میں متعارف کرائے گئے ایک نئے فیچر کا الگ سے جائزہ لینے کا حق محفوظ کر رکھا ہے جس کے تحت صارفین کی گیلریز میں موجود مواد کو کلاؤڈ میں پراسیس کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ جرمانہ گروپ کی دنیا بھر کی آمدنی کا تقریباً 0.47 فی صد کے برابر ہے۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کو کسی معاملے پر اتنا بڑا جرمانہ کیا گیا ہو۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ اکتوبر میں امریکی ریاست نی میکسیکو کی ایک عدالت نے سمیٹا پر صارفین کے ڈیٹا کی رازداری سے متعلق گمراہ کن معلومات دینے پر 25 ارب ڈالر جرمانہ عائد کیا تھا۔
عدالت نے قرار دیا تھا کہ کمپنی کی جانب سے برسوں تک عوام کو گمراہ کرنا اس کے بنیادی کاروباری طریقہ کار سے متعلق سنگین معاملہ ہے۔
جج فرانسس میتھیو نے اپنے تحریری حکم میں کہا تھا کہ فیس بک کی خلاف ورزیاں کئی برسوں پر محیط تھیں اور ان کے اثرات بڑے پیمانے پر عوام تک پہنچے۔ عدالت نے ریاستی قانون کے تحت 219 ارب ڈالر سے زائد جرمانے کو قابلِ جواز قرار دیا تھا تاہم حتمی طور پر جرمانے کی رقم کم کرکے 25 ارب ڈالر مقرر کردی تھی۔
اس سے قبل ستمبر میں نیو میکسیکو کی ہی ایک عدالت نے میٹا پر مزید 567 ملین ڈالر جرمانہ عائد کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ کمپنی نے اپنے پلیٹ فارمز سے بچوں کو لاحق خطرات سے بروقت آگاہ نہیں کیا۔
جج برائن بیڈشائیڈ نے قرار دیا تھا کہ سوشل میڈیا کمپنی عوامی نقصان کا باعث بنی۔ انہوں نے حکم دیا تھا کہ یہ رقم ایک ایسے فنڈ میں جمع کرائی جائے جو مستقبل میں بچوں کو ہونے والے نقصانات کی روک تھام کے لیے استعمال ہو گی۔
