امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکنز کو شکست دے کر کانگریس میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر مستقبل کی حکمت عملی پر اختلافات سامنے آگئے۔ ڈیموکریٹس کے درمیان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تعاون، ان کی پالیسیوں کی مخالفت اور معاشی اصلاحات کے طریقہ کار پر اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 3 نومبر کے انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کا اہم اجلاس ڈینور میں منعقد ہوا، جہاں پارٹی کے اعتدال پسند اور ترقی پسند رہنماؤں نے مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مختلف مؤقف اختیار کیے۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ عوام کو مہنگائی، صحت کی سہولیات اور رہائش کے بڑھتے اخراجات سے ریلیف دینا پارٹی کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاہم اس مقصد کے حصول کے طریقہ کار پر رہنماؤں میں اختلافات سامنے آئے۔
کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ترقی پسند ڈیموکریٹ رہنما رو کھنہ نے پارٹی پر زور دیا کہ وہ سیاسی مرکز کی طرف جھکاؤ رکھنے کے بجائے زیادہ جرات مندانہ معاشی ایجنڈا اپنائے۔ ان کی تجاویز میں سب کے لیے صحت کی سہولیات، دولت پر ٹیکس، وفاقی کم از کم اجرت 25 ڈالر فی گھنٹہ مقرر کرنے، پینٹاگون کے اخراجات میں نمایاں کمی اور امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے خاتمے جیسے اقدامات شامل تھے۔
اس کے برعکس پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے کہا کہ پارٹی کو نظریاتی اختلافات اور سیاسی شرائط سے آگے بڑھ کر عوام کو عملی نتائج فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے، ان کے مطابق ووٹرز کو نظریاتی بحثوں سے زیادہ اس بات سے دلچسپی ہے کہ ڈیموکریٹس ان کے مسائل حل کرسکتے ہیں یا نہیں۔
ٹرمپ کے ساتھ تعاون یا سیاسی محاذ آرائی؟
اجلاس میں ایک اہم بحث صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ آئندہ دو برسوں میں تعلقات اور حکومتی معاملات میں تعاون کے حوالے سے بھی ہوئی۔
ٹیکساس سے منتخب ہونے والے سینیٹر جیمز ٹالاریکو نے ڈیموکریٹس پر زور دیا کہ وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کریں اور ان کی صدارت کے آخری دو برسوں کو امریکی تاریخ کے سب سے نتیجہ خیز برس بنانے کی کوشش کریں۔
آئیووا کے منتخب گورنر روب سینڈ نے بھی اس مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی محاذ آرائی کے بجائے باہمی تعاون کے ذریعے عوامی مسائل حل کیے جاسکتے ہیں۔
تاہم میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے رکن کانگریس جیمی راسکن اور سابق اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے صدر ٹرمپ کے ساتھ مفاہمت کی حکمت عملی پر تحفظات کا اظہار کیا۔
جیمی راسکن نے کہا کہ ڈیموکریٹس کانگریس کے ان اختیارات کو دوبارہ استعمال کریں گے جو ان کے بقول ری پبلکنز نے صدر ٹرمپ کے حوالے کردیے ہیں، انہوں نے آئین کے تحفظ اور انتظامیہ کی نگرانی کے لیے کانگریس کا کردار فعال بنانے پر زور دیا۔
ایرک ہولڈر نے بھی خبردار کیا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ غیر ضروری مفاہمت اور محتاط سیاسی رویہ اختیار کرنے سے ڈیموکریٹس اپنی کامیابی کے مواقع ضائع کرسکتے ہیں۔
کانگریس میں ڈیموکریٹس کی پوزیشن مستحکم
رائٹرز کے مطابق انتخابی نتائج کے بعد ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی کم از کم 255 نشستیں جبکہ ری پبلکنز کی 169 نشستیں متوقع ہیں، 12 نشستوں کے نتائج ابھی زیر التوا ہیں۔
سینیٹ میں بھی ڈیموکریٹس کو کم از کم 55 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا جبکہ الاسکا کی ایک نشست کے نتیجے سے ان کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
نیویارک سے تعلق رکھنے والے حکیم جیفریز، جنہیں ایوان نمائندگان کا اسپیکر بننے کی توقع ہے، نے بھی مہنگائی اور عام امریکی خاندانوں کے معاشی مسائل کو پارٹی کی اولین ترجیح قرار دیا۔
تاہم اجلاس کے دوران بعض ترقی پسند کارکنوں نے جیفریز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان پر تبدیلی کے لیے مؤثر اقدامات نہ کرنے کا الزام لگایا اور زیادہ عوام دوست معاشی ایجنڈے کا مطالبہ کیا۔
2028 کے صدارتی انتخابات کی تیاری کا بھی آغاز
ڈینور اجلاس میں 2028 کے صدارتی انتخابات کے ممکنہ امیدواروں کے درمیان بھی سیاسی سرگرمیاں نمایاں رہیں۔ رو کھنہ، جوش شاپیرو، سابق وزیر ٹرانسپورٹیشن پیٹ بٹجج اور دیگر رہنماؤں نے پارٹی کے مستقبل کے ایجنڈے پر اپنے خیالات پیش کیے۔
اجلاس میں ایریزونا کے سینیٹر روبن گالیگو نے کہا کہ ہسپانوی نژاد ووٹرز کی ایک بڑی تعداد، جنہوں نے 2024 میں ٹرمپ کو ووٹ دیا تھا، اس مرتبہ ڈیموکریٹس کی حمایت میں سامنے آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ انتخابی کامیابی کو ڈیموکریٹک پارٹی سے عوام کی غیر مشروط محبت نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ یہ ایک عارضی اعتماد ہے جسے برقرار رکھنے کے لیے عوامی مسائل حل کرنا ہوں گے۔
ڈیموکریٹک رہنماؤں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ اگر پارٹی نے انتخابی کامیابی کے بعد عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہ کیے تو اسے حاصل ہونے والا سیاسی فائدہ ضائع ہوسکتا ہے۔
یوں وسط مدتی انتخابات میں بڑی کامیابی کے باوجود ڈیموکریٹک پارٹی کے سامنے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ وہ اپنے مختلف نظریاتی دھڑوں کو ایک مشترکہ حکمت عملی پر کیسے متحد کرتی ہے اور صدر ٹرمپ کے باقی دو سالہ دورِ صدارت میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کس حد تک عملی پیش رفت کر پاتی ہے۔



