پاکستان ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم تین ملکی سیریز کے افتتاحی میچ میں جمعہ کو بنگلہ دیش کے مدمقابل ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان تین ملکی سیریز 2 سے 16 اکتوبر تک فیصل آباد میں کھیلی جائے گی۔
تینوں ٹیمیں سیریز کے لیگ مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلیں گی، جس کے بعد بہترین کارکردگی دکھانے والی دو ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
پی سی بی کے مطابق لیگ مرحلے میں تینوں ٹیمیں چھ، چھ میچز کھیلیں گی جبکہ سیریز کا فائنل 16 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
سیریز کے تمام میچز صبح 11 بجے شروع ہوں گے جبکہ ٹاس ساڑھے 10 بجے ہوگا۔ پاکستان میں شائقین تین ملکی سیریز کے میچز ٹپ میڈ اور تماشہ پر براہ راست دیکھ سکیں گے۔
فائنل پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ پاکستان سے باہر موجود شائقین پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر میچز براہ راست دیکھ سکیں گے۔
قومی ٹیم افتتاحی میچ سے اچھا آغاز کرنے کیلئے پرعزم
پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کی کپتان فضا فیاض نے کہا ہے کہ میزبان کی حیثیت سے ٹورنامنٹ کا اچھا آغاز کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے تینوں شعبوں میں بھرپور تیاری کی ہے اور کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں، قومی ٹیم ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میدان میں بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔
پاکستان کا افتتاحی میچ بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا، جس کے بعد ٹیم لیگ مرحلے کے دیگر میچز میں بھی اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔
بنگلہ دیش اور سری لنکا کی کپتانیں بھی پرجوش
بنگلہ دیش ویمنز انڈر 19 ٹیم کی کپتان سعدیہ اسلام نے کہا کہ پاکستان میں کھیلنا ان کی ٹیم کیلئے نیا تجربہ ہے۔
انہوں نے پاکستان میں دستیاب سہولیات کو بہت اچھا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش ٹورنامنٹ میں بہترین کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرے گا۔
سری لنکا کی کپتان چمویڈی پربودھا نے کہا کہ یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ملک کی نمائندگی کا بہترین موقع ہے، سری لنکن اسکواڈ میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں اور انہیں ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کی امید ہے۔
تین ملکی سیریز نوجوان خواتین کرکٹرز کیلئے اپنی صلاحیتوں کے اظہاراوربین الاقوامی سطح پرتجربہ حاصل کرنے کا اہم موقع ہوگی، جبکہ فیصل آباد میں ہونے والے مقابلوں میں تینوں ٹیمیں فائنل تک رسائی کیلئے بھرپورکوشش کریں گی۔



