پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے پانچویں سیزن میں ایکشن میں دکھائی دیں گے، انہیں ڈیزارٹ وائپرز نے نیلامی کے دوران 80 ہزار امریکی ڈالر میں اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا۔
ہم نیوز کے مطابق نیلامی میں بابراعظم کی خدمات حاصل کرنے کیلئے فرنچائزز کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا، تاہم ڈیزارٹ وائپرز نے 80 ہزار امریکی ڈالر کی قیمت پر پاکستان کے اسٹار بیٹرکواپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا۔
بابراعظم آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سیزن 5 میں ڈیزارٹ وائپرز کی نمائندگی کریں گے، جہاں وہ اپنی بیٹنگ صلاحیتوں کے ذریعے ٹیم کیلئے اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔
بابر اعظم کا شمار پاکستان کے نمایاں بیٹرز میں ہوتا ہے اور مختلف عالمی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں بھی ان کی شرکت شائقین کی توجہ کا مرکز رہتی ہے۔
ڈیزارٹ وائپرز میں بابر اعظم کی شمولیت سے ٹیم کے بیٹنگ شعبے کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے، پاکستانی اسٹار بیٹر کے مداح بھی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے آئندہ سیزن میں ان کی کارکردگی دیکھنے کیلئے پرجوش ہیں۔
آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کا پانچواں سیزن 21 نومبر سے 20 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، جس میں مختلف فرنچائزز کے درمیان دلچسپ مقابلے ہوں گے۔
بابراعظم کی شرکت کے باعث پاکستان میں بھی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سیزن 5 میں دلچسپی بڑھنے کا امکان ہے جبکہ ڈیزارٹ وائپرزکے شائقین کو بھی پاکستانی بیٹرکی جانب سے بہترین کارکردگی کی امید ہوگی۔



