لاہور: پاکستان، بنگلا دیش اور سری لنکا کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان سہ فریقی ٹی 20 سیریز کا اعلان کردیا گیا، سیریز 2 سے 16 اکتوبر تک فیصل آباد میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان، بنگلا دیش اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے تمام 10 ٹی 20 میچز اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جو صبح 10 بجے شروع ہوں گے۔
ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے سیریز کا فارمیٹ ٹرپل راؤنڈ روبن رکھا گیا ہے۔ ہر ٹیم 6،6 میچز کھیلے گی، جبکہ ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان فائنل 16 اکتوبر کو ہوگا۔
سری لنکا انڈر 19 ٹیم 28 ستمبر جبکہ بنگلا دیشی ٹیم 29 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ جبکہ دونوں مہمان ٹیمیں 29 ستمبر سے یکم اکتوبر تک اقبال اسٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گی۔

سیریز کے لیے فضہ فیاض کی کپتانی میں پاکستان ویمنز انڈر 19 کی 20 رکنی ٹیم کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ جس میں قمروش فرحان، پاکیزہ شبیر، ملائکہ سہانی اور افشین خان کو پہلی مرتبہ قومی انڈر 19 ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم بدھ سے بوڑانوالا گراؤنڈ اور اقبال اسٹیڈیم میں ٹریننگ کیمپ کا آغاز کرے گی۔
ایشین گیمز میں ویمنز کرکٹ ایونٹ 17 ستمبر سے شروع ہو گا
جاپان میں منعقدہ 20 ویں ایشین گیمز میں ویمنز کرکٹ ایونٹ 17 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔ جس میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں انٹرنیشنل کرکت کونسل (آئی سی سی) کی مکمل ممبر ہونے کی وجہ سے کوارٹرفائنلز مرحلے سے ایونٹ کا آغاز کریں گی۔
اس سے قبل مئی میں ہونے والے 6 ٹیموں کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ملائیشیا، تھائی لینڈ اور چین نے کوالیفائی کیا تھا۔ جاپان میزبان ہونے کے سبب براہ راست شرکت کر رہا ہے۔
17 ستمبر کو دو کوارٹر فائنلز کھیلے جائیں گے۔ پہلا کوارٹر فائنل سری لنکا اور ملائشیا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میں بھارت کا مقابلہ جاپان سے ہو گا۔
18ستمبر کو کھیلے جانے والے تیسرے کوارٹر فائنل میں بنگلا دیش کا مقابلہ چین سے ہو گا جبکہ چوتھا کوارٹر فائنل پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 20 ستمبر کو دونوں سیمی فائنل کھیلے جائیں گے جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ اور گولڈ میڈل کے لیے فیصلہ کن میچ 22 ستمبر کو ہوگا۔
یہ چوتھا موقع ہے کہ ویمنز کرکٹ کو ایشین گیمز میں شامل کیا گیا ہے اس سے قبل 2010، 2014 اور 2022 میں ویمنز کرکٹ ایونٹ ایشین گیمز میں شامل تھے۔
پاکستان ویمنز ٹیم اس سے قبل دو مرتبہ 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز کرکٹ میں گولڈ میڈل جیت چکی ہے۔ دونوں مرتبہ اس نے فائنل میں بنگلا دیش کو بالترتیب 10 وکٹوں سے اور 4 رنز سے ہرایا تھا تاہم دونوں مرتبہ بھارتی ٹیم شریک نہیں تھی۔


