بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ویمنز ایشیا کپ کی ٹرافی ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی سے وصول نہ کرنے کے معاملے پر وضاحت پیش کردی۔
ایک انٹرویو میں دیواجیت سائیکیا نے کہا کہ ایشیا کپ میں ٹرافی ایک متنازع معاملہ ہے۔
Watch: On Indian women’s cricket team did not accept the Women’s Asia Cup trophy from ACC Chair Mohsin Naqvi, BCCI Secretary Devajit Saikia says, “Trophy is a controversial thing in the Asia Cup, Our men’s team won the Asia Cup a year and a half ago. And our whole situation,… pic.twitter.com/2p5Q6bqS4L
— IANS (@ians_india) September 13, 2026
بی سی سی آئی سیکریٹری کے مطابق اپریل 2025 میں پہلگام واقعے کے بعد صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد بھارت کے شہریوں کی جانب سے دباؤ تھا کہ ملک کو اپنے ہمسایہ ملک کے ساتھ تعلقات نہیں رکھنے چاہئیں اور پاکستان کے ساتھ کرکٹ بھی نہیں کھیلنی چاہیے۔
دیواجیت سائیکیا نے کہا کہ اس صورتحال کے باوجود بھارتی حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ کثیر ملکی ٹورنامنٹس میں ہر ملک کے خلاف کھیلنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی پالیسی کے تحت بھارت کثیر ملکی مقابلوں میں شرکت کرتا ہے اور ان ٹورنامنٹس میں دیگر ممالک کے خلاف کھیلتا ہے۔
بی سی سی آئی سیکریٹری نے بھارتی خواتین ٹیم کی جانب سے ایشیا کپ ٹرافی وصول نہ کرنے کے معاملے کو اسی پس منظر میں بیان کیا۔ ان کے مطابق اپریل 2025 کے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات کے حوالے سے بھارت میں صورتحال تبدیل ہوئی ہے۔
ایشیا کپ ٹرافی کا معاملہ
بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا تاہم ٹائٹل جیتنے کے بعد بھارتی کھلاڑی مقررہ ٹرافی تقریب میں شریک نہیں ہوئیں اور ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی۔
اس معاملے پر بھارتی ٹیم کے کوچ امول مزومدار نے بھی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ٹرافی کے بارے میں انہیں کوئی اطلاع نہیں کہ ٹیم کو یہ کب ملے گی۔
جیو نیوز کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر امول مزومدار نے کہا تھا کہ انہیں ٹرافی کے بارے میں کچھ معلوم نہیں اور یہ بھی معلوم نہیں کہ اسے کب حاصل کیا جائے گا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ بی سی سی آئی کی ہدایت پر کیا گیا تو بھارتی کوچ نے کہا تھا کہ یہ مؤقف بی سی سی آئی نے اختیار کیا ہے اور ٹیم متحد ہوکراس کے ساتھ کھڑی ہے۔
دوسری جانب بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے بھارتی ویمنز ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔
Heartiest congratulations to Team India, Women in Blue, on a commanding 72-run victory over Sri Lanka in the Asia Cup Final, making the whole country proud and jubiliant.
A truly superlative performance throughout the tournament, marked by consistency, confidence and teamwork.… pic.twitter.com/WTV82oG3sG— Devajit LON Saikia (@lonsaikia) September 14, 2026
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران مستقل مزاجی، اعتماد اور ٹیم ورک سے بھرپور بھارتی ٹیم کی کارکردگی واقعی شاندار رہی۔ ہرمن، اسمرتی اور پوری ٹیم، ہیڈ کوچ امول مزومدار اور معاون عملے کو بھی شاباش پیش کرتا ہوں۔


