امریکا میں جاری میجر لیگ کرکٹ میں سیئٹل اورکاز نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹیکساس سپر کنگز کو 9 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کی اہم کامیابی اپنے نام کرلی۔ میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا جہاں سری لنکا کے آل راؤنڈر داسن شاناکا نے مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرکے ٹیکساس سپر کنگز سے یقینی نظر آنے والی فتح چھین لی۔
سیئٹل اورکاز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 121 رنز بنائے۔ ٹیم کی بیٹنگ ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور ابتدائی بلے باز جلد پویلین لوٹ گئے۔ ایک موقع پر سیئٹل کا اسکور 13ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 70 رنز تھا، تاہم نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرنے والے کیمرون گینن نے 20 رنز کی مفید اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا۔

آخری اوور میں ہرمیت سنگھ، جو اس سے قبل ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے تھے، دوبارہ کریز پر آئے اور جسدیپ سنگھ کے ساتھ مل کر چند اہم چوکے لگا کر ٹیم کا مجموعہ 121 رنز تک پہنچا دیا، جو بعد میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔
122 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ٹیکساس سپر کنگز کی ٹیم بھی ابتدا میں مشکلات کا شکار رہی۔ اوٹنیل بارٹمین نے نئی گیند سے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے فاف ڈو پلیسی اور سائتیجا مکامالا کو جلد آؤٹ کردیا، جبکہ بعد ازاں ویان ملڈر کی وکٹ بھی حاصل کی۔ بارٹمین نے اپنے چار اوورز میں صرف 9 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
قومی ٹیم کی کپتانی ہمیشہ اعزاز رہی، بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کروں گا، بابر اعظم
ٹیکساس کی جانب سے شبھم رنجانے نے ناقابل شکست 40 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ ڈونوون فریرا بھی آخری لمحات میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو فتح کے قریب لے آئے۔
آخری اوور میں ٹیکساس کو جیت کے لیے 15 رنز درکار تھے اور پہلی ہی گیند پر رنجانے نے چوکا لگا کر مقابلہ مزید دلچسپ بنا دیا۔
تاہم اس کے بعد داسن شاناکا نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ انہوں نے پہلے ڈونوون فریرا کوسلو گیند پر بولڈ کیا، پھر کیلون سیویج کو کیچ آؤٹ کرایا۔ ہیٹ ٹرک گیند پر ایڈم ملنے بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ دے بیٹھے، جبکہ اگلی ہی گیند پر امشی ڈی سلوا بھی باؤنڈری لائن پر شاندار کیچ کی صورت میں آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم کو دوبارہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا
شاناکا نے آخری اوور میں مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 26 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کو ناقابل یقین فتح دلا دی۔ ان کی شاندار بولنگ کے باعث ٹیکساس سپر کنگز کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز ہی بنا سکی اور سیئٹل اورکاز نے 9 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔
یہ میچ میجر لیگ کرکٹ کے رواں سیزن کے سب سے سنسنی خیز مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے، جہاں کم اسکور کے باوجود آخری اوور تک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
