راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کے لیے فہرست جاری کر دی گئی۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرنے والے وکلا کی فہرست جاری کر دی۔
جاری دستاویز کے مطابق 7 جولائی کو ملاقات کے لیے 6 وکلا کو نامزد کیا گیا ہے۔ جنہیں جیل میں داخلے کی اجازت دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پارٹی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں بیرسٹر گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ، خالد یوسف چوہدری، فتح اللہ برکی، حسنین مرتضیٰ سمبل اور شہباز احمد سیال کے نام شامل ہیں۔
پارٹی کی جانب سے متعلقہ حکام سے نامزد وکلا کو ملاقات کی اجازت دینے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کے انتخابی معرکے سے قبل پاکستان تحریک انصاف کو بڑا سیاسی دھچکا لگ گیا۔ میرپور ڈویژن میں پی ٹی آئی کے نائب صدر افتخار طیب نے پارٹی چھوڑ کر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت اختیار کر لی۔
افتخار طیب کی آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان ایک تقریب میں کیا گیا۔ جہاں آئی پی پی کے سربراہ عبدالعلیم خان اور آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے پارٹی مفلر پہنایا۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس، سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ جاری
تقریب میں آئی پی پی کے سیکرٹری جنرل نثار انصر ابدالی بھی موجود تھے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ صرف ایک روز قبل پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے افتخار طیب کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کے لیے سفارشات ارسال کی تھیں۔ تاہم اگلے ہی روز انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
