واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا یا تو ایران کے ساتھ معاہدہ کرے گا یا پھر کام تمام کر دے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں معاہدہ کرنا پسند کروں گا کیونکہ میں 9 کروڑ 10 لاکھ لوگوں کو متاثر نہیں کرنا چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک گھنٹے میں ان کے پل تباہ کر سکتے ہیں۔ اور ان کی توانائی کی فراہمی بند کر سکتے ہیں۔ ایران کے پاس اب کوئی پیسہ نہیں ہے، اور ہم نے انہیں کوئی رقم نہیں دی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ کریں گے یا پھر کام مکمل کر دیں گے، اور یہ کام مکمل کرنا مشکل نہیں ہو گا۔
انہوں ںے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ایرانی بحریہ کے جہازوں اور ایرانی فضائیہ کے تمام طیاروں کو تباہ کر دیا تھا۔ اور انہیں احساس ہو گیا تھا کہ اب ان کے پاس کوئی ریڈار نہیں رہا، کیونکہ اُن کے ریڈار سسٹمز تباہ کر دیئے گئے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہماری طاقتور بحریہ نے ایسی بڑی ناکہ بندی نافذ کی جو کسی نے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی۔ اور دو ماہ تک ایک بھی جہاز اس ناکہ بندی کو عبور نہیں کر سکا۔ پھر ہم ممکنہ طور پر ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے، اس لیے ہم نے ناکہ بندی میں نرمی کر دی۔ مجھے نہیں معلوم، شاید ہم کسی معاہدے تک پہنچ جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: آیت اللہ علی خامنہ ای شہید کا جسد خاکی آج عراق لے جایا جائے گا، تدفین 9 جولائی کو ہو گی
چند روز قبل امریکی صدر نے کہا تھا کہ انہوں نے ایران کو اس کے سابق رہنما علی خامنہ ای کی تدفین کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے رکھا ہے۔
