لاہور، محکمہ ایکسائز پنجاب نے موٹر وہیکل ٹوکن ٹیکس بروقت ادا کرنے والے شہریوں کے لیے اہم ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 31 اگست 2026 تک ٹوکن ٹیکس جمع کرانے والوں کو 10 فیصد رعایت دی جائے گی۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق مقررہ تاریخ سے قبل ٹوکن ٹیکس ادا کرنے والے شہری نہ صرف 10 فیصد ڈسکاؤنٹ سے فائدہ اٹھا سکیں گے بلکہ تاخیر کی صورت میں عائد ہونے والے جرمانے سے بھی محفوظ رہیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو بروقت ٹیکس ادائیگی کی ترغیب دینا اورآن لائن ادائیگی کے نظام کو فروغ دینا ہے۔
محکمہ نے شہریوں کوہدایت کی ہے کہ وہ ای پے پنجاب (ePay Punjab) کے ذریعے گھر بیٹھے محفوظ، شفاف اور آسان طریقے سے موٹر وہیکل ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کریں۔
نئے مالی سال میں پرائز بانڈ جیتنے والوں کو کتنا ٹیکس دینا ہوگا؟ تفصیلات آگئیں
حکام کے مطابق ای پے پنجاب حکومت پنجاب کی ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کی ایک اہم کاوش ہے، جس کے ذریعے عوام کو سرکاری واجبات کی آن لائن ادائیگی کی جدید، محفوظ اور مؤثر سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ ای پے پنجاب کے استعمال سے شہری دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے سے بچ سکتے ہیں اور چند آسان مراحل میں اپنی ادائیگی مکمل کر سکتے ہیں۔
حکام نے گاڑی مالکان پر زور دیا ہے کہ وہ 31 اگست 2026 سے قبل اپنا موٹر وہیکل ٹوکن ٹیکس جمع کرا کر 10 فیصد رعایت حاصل کریں اور کسی بھی اضافی جرمانے یا قانونی پیچیدگی سے محفوظ رہیں۔
یہ رعایت صرف مقررہ مدت کے اندر ٹیکس ادا کرنے والوں کے لیے دستیاب ہوگی۔
