مظفر آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما افتخار طیب نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔
آزاد کشمیر کے انتخابی معرکے سے قبل پاکستان تحریک انصاف کو بڑا سیاسی دھچکا لگ گیا۔ میرپور ڈویژن میں پی ٹی آئی کے نائب صدر افتخار طیب نے پارٹی چھوڑ کر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت اختیار کر لی۔
افتخار طیب کی آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان ایک تقریب میں کیا گیا۔ جہاں آئی پی پی کے سربراہ عبدالعلیم خان اور آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے پارٹی مفلر پہنایا۔
تقریب میں آئی پی پی کے سیکرٹری جنرل نثار انصر ابدالی بھی موجود تھے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ صرف ایک روز قبل پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے افتخار طیب کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کے لیے سفارشات ارسال کی تھیں۔ تاہم اگلے ہی روز انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی سفارتخانے افرادی قوت کیلئے روزگار کے مواقع کی تلاش تیز کریں، وزیر اعظم
سیاسی مبصرین کے مطابق افتخار طیب کی آئی پی پی میں شمولیت سے حلقہ ایل اے فائیو برنالہ میں انتخابی مقابلہ مزید سخت اور دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کی انتخابی پوزیشن بھی مضبوط ہوئی ہے۔
