اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کےمطابق کل سے شمالی پاکستان میں فعال موسمی نظام داخل ہونے کا امکان ہے۔ جس سے کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اور شمال مشرقی پنجاب میں بارشیں متوقع ہیں۔
7 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ جبکہ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ 7 جولائی کو اسلام آباد، پوٹھوہار، آزاد کشمیر میں بارشوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
متوقع بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں معمولی اضافہ کا امکان ہے۔ اور دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں بھی معمولی اضافے کا امکان ہے۔ تاہم موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔
پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں اچانک پانی کے بہاؤ میں مقامی سطح پر اضافہ متوقع ہے۔ حساس بالائی علاقوں اور پہاڑی ندی نالوں میں مقامی سیلاب کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ
این ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارش کے دوران شہری علاقوں میں سیلاب اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
