ایڈنبرگ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ جنرل اجلاس میں عالمی کرکٹ کے مستقبل سے متعلق متعدد اہم تجاویز پر غور کیے جانے کا امکان ہے، جن میں ون ڈے کرکٹ کے فارمیٹ میں بڑی تبدیلی بھی شامل ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں موجودہ 50 اوورز کے ون ڈے فارمیٹ کو کم کرکے 40 اوورز تک محدود کرنے کی تجویز زیر غورآ سکتی ہے۔ اگر اس تجویز پر اتفاق رائے ہوا تو یہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی اہم ترین تبدیلیوں میں شمار ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں مختلف براعظموں کی ٹیموں کے درمیان کانٹینینٹل چیمپئن شپ کے انعقاد کی تجویز بھی شامل ہو سکتی ہے، جبکہ آئی سی سی پہلی مرتبہ ورلڈ کلب چیمپئن شپ کے انعقاد پر بھی غور کرے گی۔
اس کے علاوہ بین الاقوامی کرکٹ کے مصروف شیڈول کو بہتر بنانے کے لیے ہر فارمیٹ، یعنی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے الگ الگ ونڈو مختص کرنے کی تجویز بھی زیر غور آنے کا امکان ہے، تاکہ مختلف فارمیٹس کے مقابلوں کو زیادہ مؤثر انداز میں ترتیب دیا جا سکے۔
قومی ٹیم کی کپتانی ہمیشہ اعزاز رہی، بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کروں گا، بابر اعظم
برطانوی میڈیا کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کو مزید وسعت دیتے ہوئے ٹیموں کی تعداد موجودہ تعداد سے بڑھا کر 12 کرنے کی تجویز بھی پیش کی جا سکتی ہے اس کے ساتھ ساتھ واحد ٹیسٹ میچز کو بھی ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس سسٹم میں شامل کرنے پر غور متوقع ہے۔
آئی سی سی کا سالانہ جنرل اجلاس 8 سے 11 جولائی تک اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرگ میں منعقد ہوگا، جہاں مختلف رکن ممالک کے کرکٹ بورڈز کے نمائندے ان تجاویز پر غور کریں گے اور عالمی کرکٹ کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلوں کی بنیاد رکھیں گے۔
