انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
فاطمہ ثنا کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے اعتراف میں انہیں دنیا کی بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل الیون میں جگہ دی گئی ہے، جو پاکستان ویمنز کرکٹ کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ٹیم میں آسٹریلیا کی آل راؤنڈر صوفی مولائنیکس کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے بیتھ مونی، ایلیس پیری اور ایشلے گارڈنر بھی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا حصہ ہیں، جس سے ٹورنامنٹ میں آسٹریلوی ٹیم کی مضبوط کارکردگی کا اندازہ ہوتا ہے۔
ون ڈے کرکٹ 40 اوورز کی ہو جائے گی؟ آئی سی سی اجلاس میں تجویز زیر غور
انگلینڈ کی ڈینی وائٹ اورنیٹ سکیور برنٹ، جنوبی افریقہ کی تجربہ کار آل راؤنڈر ماریزان کیپ، آئرلینڈ کی اورلا پرینڈرگاسٹ، بھارت کی شری چرنی اور سری لنکا کی نیلاکشیکا سلوا کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے اسکاٹ لینڈ کی ڈارسی کارٹر کو ٹیم کا 12واں کھلاڑی نامزد کیا ہے، جنہوں نے بھی ایونٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
فاطمہ ثنا کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شمولیت کو پاکستان ویمنز کرکٹ کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جو عالمی سطح پر قومی ٹیم کی بہتر ہوتی کارکردگی کا اعتراف بھی ہے۔
اس اعزاز سے نہ صرف فاطمہ ثنا بلکہ پاکستان ویمنز کرکٹ کو بھی بین الاقوامی سطح پر مزید حوصلہ ملا ہے۔
