قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے انتقال کی افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے بادشاہ کہلانے والے آل راؤنڈر وسیم اکرم نے اپنے انتقال سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جھوٹی خبروں پر شدید ردعمل دیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے اس قسم کی بے بنیاد افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔ ان لوگوں کو 21 توپوں کی سلامی جو سوشل میڈیا پر پوچھ رہے ہیں کہ کیا آپ زندہ ہیں۔
وسیم اکرم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کا تو ایک سکینڈ میں پتہ چل جاتا ہے، آپ لوگوں کو کیوں نہیں پتہ چلتا؟ جنہوں نے فیک نیوز اور ویڈیوز بنائی ہیں، انہیں بڑی محنت کرنا پڑی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی اور شعیب اختر کو رکھا ہے، میری خبر پھیلائی ہے، فیک نیوز پھیلانے والے یہی دماغ اچھے کام کی طرف لگائیں تو زندگی میں کامیاب ہوں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ پنجابی کی کہاوت ہے کھوتے پر کتابیں لاد دو تو وہ عالم فاضل نہیں بن جاتا، اس کے لیے پڑھنا پڑتا ہے۔ اور نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ وہ خیریت سے ہیں۔ انہوں نے اپنی صحت کے لیے دعائیں کرنے اور تشویش کا اظہار کرنے والے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
– I am fine, shukria… #StopSpreadingFakeNews pic.twitter.com/KoYg9WCXZU
— Wasim Akram (@wasimakramlive) July 6, 2026
یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کی کپتانی ہمیشہ اعزاز رہی، بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کروں گا، بابر اعظم
واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وسیم اکرم کے انتقال کی جھوٹی افواہیں تیزی سے گردش کرتی رہیں، جنہیں انہوں نے خود مسترد کر دیا۔
