پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے تصدیق کر دی ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 ان کے شاندار بین الاقوامی کیریئر کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا۔
اسپین کے خلاف پری کوارٹر فائنل سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 41 سالہ سپر اسٹار نے کہا کہ وہ اس عالمی ایونٹ کے ہر لمحے سے بھرپور لطف اٹھانا چاہتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ ان کا سفر ابھی ختم نہیں ہوگا۔
رونالڈو نے کہا کہ جب بھی بین الاقوامی فٹبال کو خیرباد کہنے کا وقت آئے گا تو وہ مکمل اطمینان کے ساتھ یہ فیصلہ کریں گے، کیونکہ انہوں نے اپنے ملک اور فٹبال کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف کھیل سے محبت اور جذبے کی خاطر میدان میں اترتے ہیں اور اب انہیں کسی کے سامنے اپنی صلاحیت ثابت کرنے کی ضرورت نہیں۔
قومی ٹیم کی کپتانی ہمیشہ اعزاز رہی، بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کروں گا، بابر اعظم
پرتگالی کپتان نے رواں ورلڈ کپ میں اب تک تین گول اسکور کیے ہیں۔ انہوں نے گروپ مرحلے میں ازبکستان کے خلاف دو گول کرکے چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول کرنے والے تاریخ کے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
جبکہ کروشیا کے خلاف ناک آؤٹ مرحلے میں پنالٹی پر گول کرکے اپنے کیریئرکا پہلا ورلڈ کپ ناک آؤٹ گول بھی اسکور کیا۔
رونالڈو کے مطابق یہ ورلڈ کپ ان کے لیے جذباتی اعتبار سے سب سے یادگار ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیریئر کے دوران ہونے والی تنقید نے انہیں مزید مضبوط بنایا اور ہر تجربے نے انہیں بہتر انسان اور کامیاب فٹبالر بننے میں مدد دی۔
