محکمہ موسمیات نے خطۂ پوٹھوہار کے مختلف علاقوں کے لیے تازہ موسمی الرٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں پر مشتمل موسمی نظام خطۂ پوٹھوہار پر اثر انداز ہو رہا ہے، جس کے باعث آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی،چکوال، گوجر خان، تلہ گنگ، جہلم، منگلا، مری، گلیات، اٹک، فتح جنگ اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بارشوں کا نیا سلسلہ کب شروع ہوگا؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں بارش کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث درخت گرنے اور بجلی کی عارضی بندش جیسے مسائل بھی پیش آ سکتے ہیں۔
ماہرین موسمیات کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً بارش کے دوران کھلے میدانوں، ندی نالوں اور کمزور عمارتوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں۔ موٹر سائیکل سوار اور ڈرائیور حضرات بھی خراب موسم میں محتاط انداز میں سفر کریں اور رفتار کم رکھیں۔
پشاورمیں بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، مزید بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بروقت امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری ہونے والی موسمی اطلاعات پر اعتماد کریں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ تازہ موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید الرٹس بھی جاری کیے جائیں گے۔
