پشاور میں ٹماٹر کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے نئی سرکاری قیمت 180 روپے فی کلو مقرر کر دی ہے۔ سرکاری نرخنامے کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 40 روپے کی کمی آئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ نرخنامے میں ٹماٹر کی سرکاری قیمت 180 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو مناسب نرخوں پر سبزی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
پشاور میں ٹماٹر سستے، تو پیاز مہنگا ہو گیا
حکام کے مطابق مارکیٹ میں ٹماٹر کی دستیابی بہتر ہونے اور رسد میں اضافے کے باعث قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخنامہ جاری ہونے کے باوجود بیشتر علاقوں کی عام مارکیٹوں میں ٹماٹر مقررہ قیمت پر دستیاب نہیں۔ مختلف بازاروں اور سبزی فروشوں کے پاس ٹماٹر 230 سے 250 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے، جو سرکاری نرخ سے 50 سے 70 روپے زائد ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے اور منافع خور عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام کے لیے مسلسل نگرانی ناگزیر ہے۔
ٹماٹر کی قیمتوں میں نمایاں کمی، سبزی و فروٹ کی قیمتیں بے لگام
ادھر ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول ٹیمیں مختلف بازاروں میں سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کی نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ مقررہ قیمت سے زائد نرخ وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔
حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کوئی دکاندار سرکاری نرخ سے زیادہ قیمت وصول کرے تو متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں تاکہ اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
