بحیرہ عرب، امریکی بحریہ کے ایک ہیلی کاپٹر کو بحیرہ عرب میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا جبکہ عملے کا ایک رکن لاپتہ ہو گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد فوری طور پر امدادی اور تلاش کا آپریشن شروع کر دیا گیا۔
امریکی بحری بیڑے نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کے تین ارکان محفوظ ہیں، جبکہ ایک اہلکار لاپتہ ہے، جس کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔
فرانس میں سویلین طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 11 افراد ہلاک
عرب میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر کو دورانِ پرواز تکنیکی یا ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد اسے بحیرہ عرب میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تاہم لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر شدید متاثر ہوا اور تباہ ہو گیا۔
امریکی بحریہ کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ لاپتہ اہلکار کی تلاش کے لیے فضائی اور بحری وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، حکام نے واقعے سے متعلق مزید تفصیلات فی الحال جاری نہیں کیں۔
خیال رہے کہ اتوار کی صبح فرانس کے شمال مشرقی علاقے میں اسکائی ڈائیونگ کے لیے پرواز کرنے والا ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں پائلٹ سمیت تمام 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
