فرانس کے شمال مشرقی علاقے میں اسکائی ڈائیونگ کے لیے پرواز کرنے والا ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں پائلٹ سمیت تمام 11 افراد ہلاک ہوگئے۔
مقامی حکام کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 11 بجے شمال مشرقی فرانس کے قصبے ٹومبلین (Tomblaine) میں پیش آیا، جہاں طیارہ اچانک گر کر تباہ ہوگیا۔
سعودی عرب میں آئل کمپنی کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 14 افراد جاں بحق
میورتھ ای موزیل (Meurthe-et-Moselle) ریجن کے پریفیکٹ ایو سیگوئے (Yves Seguy) نے جائے حادثہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں طیارے کا پائلٹ اور تمام 10 مسافر جان کی بازی ہار گئے۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں اسکائی ڈائیونگ کی تربیت حاصل کرنے والے پانچ طلبہ اور پانچ انسٹرکٹرز شامل ہیں، جو تربیتی پرواز پر روانہ ہوئے تھے۔
پریفیکٹ نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور ہنگامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، تاہم طیارے میں سوار کوئی بھی شخص زندہ نہ بچ سکا۔
انہوں نے کہا کہ تفتیشی حکام عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کر رہے ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
برازیل ، 2 ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرا گئے ، امریکی گلوکار سمیت 6 افراد ہلاک
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹومبلین ایئرپورٹ اور اس کے اطراف کے علاقے میں غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں تاکہ امدادی کارکنوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بلا رکاوٹ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں سہولت مل سکے۔
فرانسیسی وزارتِ داخلہ نے بھی حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیرِ داخلہ لوراں نونیز (Laurent Nunez) جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں، جہاں وہ امدادی کارروائیوں اور ابتدائی تحقیقات کا جائزہ لیں گے۔
حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی، جبکہ متعلقہ حکام نے طیارے کا ملبہ تحویل میں لے کر تکنیکی اور فرانزک تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
