اسلام آباد: نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) نے کہا ہے کہ ملک میں پولیو وائرس کی موجودگی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
نیشنل ای او سی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی مثبت شرح 48.1 فیصد سے کم ہو کر 13.1 فیصد رہ گئی ہے۔
جون 2026 کے دوران ملک بھر سے پولیو وائرس کی نگرانی کے لیے 127 ماحولیاتی نمونے حاصل کیے گئے، جن میں سے 117 نمونے پولیو وائرس سے منفی جبکہ 10 نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے جون 2026 کے دوران مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 369 سے کم ہو کر 100 رہ گئی، جو پولیو کے خلاف جاری مہم کی مؤثریت کی عکاسی کرتی ہے۔
صوبائی سطح پر پنجاب سے حاصل کیے گئے تمام 31 ماحولیاتی نمونے منفی قرار پائے، جبکہ سندھ کے 29 میں سے 28، خیبر پختونخوا کے 34 میں سے 30 اور بلوچستان کے 23 میں سے 18 نمونے بھی پولیو وائرس سے پاک پائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: نیند کی گولیوں کا متبادل مل گیا؟نئی سائنسی تحقیق کے حیران کن نتائج
نیشنل ای او سی کے مطابق سال 2026 کے دوران اب تک ملک میں پولیو کے صرف 3 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے نگرانی اور انسداد پولیو مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔
