وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کی یقین دہانی کے بعد پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال دو ہفتوں کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر مملکت علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ صورتحال میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا ہے اور حکومت کو عوام کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔
Petroleum dealers announced the postponement of the strike in a joint press briefing with Petroleum Minister Ali Pervaiz Malik. They said the decision was made after the minister assured them that their concerns would be addressed. pic.twitter.com/WGooKcZPOF
— P Connect (@ConnectingPak) July 22, 2026
انہوں نے کہا کہ 28 فروری سے اب تک حکومت نے اپنے وسائل سے عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی ہے اور آئندہ بھی عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں ایک بار پھر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، اس لیے حکومت محدود وسائل کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا رجحان ہے، تاہم حکومت شفاف اور منصفانہ انداز میں صورتحال سے نمٹے گی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم ڈیلرز سمیت تمام متعلقہ فریقین کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے اور ڈیلرز کے مسائل، بالخصوص مارجن کے معاملے کو کابینہ میں اٹھا کر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے پیٹرولیم ڈیلرز کو یقین دہانی کرائی کہ دو ہفتوں کے اندر مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی کوشش کی جائے گی۔
دوسری جانب پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات نے حکومتی یقین دہانی کے بعد دو ہفتوں کے لیے ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے حکومت انہیں مایوس نہیں کرے گی اور مارجن کا مسئلہ مقررہ مدت میں حل ہو جائے گا۔
ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیلرز بھی قربانیاں دے رہے ہیں اور حکومت سے مثبت پیش رفت کی توقع رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ بنیادوں پر ردوبدل کے فیصلے کے خلاف ملک بھر میں چوبیس گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کر دیا
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندے ملک خدا بخش نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ملک بھر کے پیٹرول پمپ جمعرات صبح 6 بجے سے جمعہ صبح 6 بجے تک بند رہیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اوگرا کے اجلاس کے بعد مشاورتی کمیٹی سے مشاورت کی گئی، تاہم روزانہ قیمتوں میں تبدیلی کا نظام کسی صورت قبول نہیں۔ وزیر پیٹرولیم کی جانب سے دو ہفتوں میں معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی پر ہڑتال موخر کر دی گئی ہے۔
