حکومت نے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا۔
پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 39 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 327 روپے 12 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 375 روپے 4 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 23 جولائی کے لیے ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔
دو دن میں پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے 32 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے 98 پیسے کا اضافہ ہو گیا ہے۔
