پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں سے بھرپور رہی ہے۔
دونوں ٹیمیں اب تک مجموعی طور پر91 ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے) میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکی ہیں، جن میں مجموعی ریکارڈ انگلینڈ کے حق میں نظر آتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق انگلینڈ نے 56 ون ڈے میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان 32 میچز جیتنے میں کامیاب رہا اس کے علاوہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
اگرچہ باہمی ریکارڈ میں انگلینڈ کو واضح برتری حاصل ہے تاہم پاکستان نے بھی کئی اہم مواقع پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
عالمی کپ کے مقابلوں اور دوطرفہ سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان کئی یادگار اور سنسنی خیز میچز کھیلے گئے، جنہوں نے شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی۔
پاکستان یا انگلینڈ، ون ڈے میں کس کپتان کا راج رہا؟
ریکارڈ کے مطابق انگلینڈ کے سابق کپتان ایون مورگن نے پاکستان کے خلاف 15 ون ڈے میچز میں قیادت کی، جن میں 10 فتوحات، 4 شکستیں جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا، اس طرح وہ پاکستان کے خلاف انگلینڈ کے کامیاب ترین ون ڈے کپتان ہیں۔
پاکستان کی جانب سے انضمام الحق سب سے کامیاب کپتان ثابت ہوئے، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 9 ون ڈے میچز میں قیادت کرتے ہوئے 5 کامیابیاں حاصل کیں، 3 میچ ہارے جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
دیگر پاکستانی کپتانوں میں وقار یونس نے 4 میں سے 3، معین خان نے 3 میں سے 2 اور جاوید میانداد نے 6 میں سے 3 میچ جیتے، دوسری جانب عمران خان نے 15 میچوں میں 5 کامیابیاں حاصل کیں۔
حالیہ دور میں پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف مشکلات کا سامنا رہا، بابراعظم نے 2021 سے 2023 کے دوران انگلینڈ کے خلاف 4 ون ڈے میچوں میں ٹیم کی قیادت کی تاہم قومی ٹیم ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
اسی طرح مصباح الحق بھی اپنی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف چاروں ون ڈے میچ ہار گئے جبکہ اظہر علی کو 9 میں سے صرف دو میچوں میں کامیابی ملی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 2027 میں پانچ ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے) میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔
یہ سیریز 15 سے 26 مئی 2027 کے درمیان کھیلی جائے گی، جس کے میچز ساؤتھمپٹن، مانچسٹر، لیڈز، چیسٹر لی اسٹریٹ اور کارڈف میں ہوں گے۔
قومی ٹیم نہ صرف عالمی کپ سے قبل اپنی تیاریوں کو مضبوط بنانے کی کوشش کرے گی بلکہ انگلینڈ کی سرزمین پر کامیابیاں حاصل کر کے باہمی ون ڈے ریکارڈ میں فرق کم کرنے اور میزبان ٹیم کو سخت چیلنج دینے کی بھی کوشش کرے گی۔
