عالمی منڈی میں جاری مندی کے باعث ملک میں سونے کی قیمت میں آج بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 1 ہزار روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 31 ہزار 236 روپے کا ہو گیا ہے۔
پچھلے چند دنوں کے بڑے اتار چڑھاؤ کے بعد مارکیٹ میں آنے والی یہ معمولی گراوٹ قیمتوں کو مستحکم کرنے کی کوشش دکھائی دیتی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ کے ساتھ ساتھ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 10 گرام سونا 730 روپے سستا ہونے کے بعد 3 لاکھ 69 ہزار 715 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔
یہ قیمتیں عاشورہ کی دو چھٹیوں کے بعد جاری کی گئی ہیں جبکہ عاشورہ سے قبل فی تولہ سونا 10 ہزار 400 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 32 ہزار 236 روپے کی سطح پر آ گیا تھا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق سونے کی قیمتوں میں لگاتار کمی عالمی منڈی میں مندی کے رجحان کی بدولت ہے جس کی بنیادی وجہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والا جنگ بندی معاہدہ ہے۔ اس پیشرفت کے بعد سونے کی قیمتیں 7 ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئیں ہیں۔
