عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں جمعرات کو بھی کمی کا رجحان برقرار رہا جس کے بعد قیمتیں سات ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئیں۔
اسپاٹ گولڈ 0.4 فیصد کمی کے بعد 3,985.89 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز برائے اگست 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 4,001.60 ڈالر فی اونس پر آ گئے۔
سونے کے علاوہ دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 57.33 ڈالر فی اونس رہی، پلاٹینم 0.2 فیصد گر کر 1,575.85 ڈالر فی اونس پر آ گیا، جبکہ پیلیڈیم 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 1,170.25 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔
بدھ کے روز سونے کی قیمت پہلی بار نومبر 2025 کے بعد 4 ہزار ڈالر فی اونس کی سطح سے نیچے گر گئی تھی۔
امریکا ایران معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں سونا مزید مہنگا ہو گیا
مارکیٹ ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر میں اضافے اور شرح سود بڑھنے کے امکانات نے سرمایہ کاروں کو سونے سے دور کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ڈالر ایک سال کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار ہے، جس کے باعث دیگر کرنسیز رکھنے والے خریداروں کے لیے سونا مہنگا ہو جاتا ہے اور اس کی طلب متاثر ہوتی ہے۔
سی ایم ای فیڈ واچ ٹول کے مطابق سرمایہ کار رواں سال فیڈرل ریزرو کی جانب سے تین مرتبہ شرح سود میں اضافے کی توقع کر رہے ہیں۔ سرمایہ کار دسمبر میں شرح سود میں اضافے کے 88 فیصد امکانات دیکھ رہے ہیں، جو گزشتہ ہفتے فیڈ کے اجلاس سے قبل 61 فیصد تھے۔
