کراچی: محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران کراچی میں بارش اور بوندا باندی کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے تین دن مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ جبکہ موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کسی حد تک کمی آ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات اور صبح کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ آئندہ تین روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر سندھ کی ساحلی پٹی میں بھی جزوی ابر آلود موسم، تیز ہواؤں اور کہیں کہیں بوندا باندی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور قمبر شہدادکوٹ کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہواؤں اور ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ریلویز نے 103 ارب روپے سے زائد آمدن کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسم سے متعلق تازہ ترین معلومات پر نظر رکھیں۔
