اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت نے فی الحال پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 299 روپے 50 پیسے برقرار رکھی گئی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت بھی 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے اس سے قبل قیمتوں میں کمی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے، جس سے مہنگائی میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے بھی حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اشارہ دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات سستی کرنے پر حکومت اور آئل کمپنیوں میں اختلافات بڑھ گئے
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت کم ہو کر 68.65 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 71.52 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔
