عالمی منڈی میں سونا سستا ہوںے کے بعد ملک میں بھی سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑی کمی دیکھی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 10 ہزار 400 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 32 ہزار 236 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔
فی تولہ کے ساتھ ساتھ 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بھی بھاری کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 10 گرام سونا 9 ہزار 360 روپے سستا ہونے کے بعد 3 لاکھ 68 ہزار 985 روپے کا ہو گیا ہے۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 2.2 فیصد کم
دوسری جانب عالمی منڈی میں بھی منگل کے روز سونے کی قیمت میں 2 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بڑی وجہ امریکی ڈالر کی مضبوطی اور فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں ممکنہ اضافے کی توقعات ہیں، جبکہ سرمایہ کار امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 2.2 فیصد کمی کے ساتھ 4,099.84 ڈالر فی اونس تک گر گئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز بھی 2 فیصد کم ہو کر 4,117.70 ڈالر پر آ گئے۔
ماہرین کے مطابق ڈالر ایک سال کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار ہے، جس کے باعث دیگر کرنسیز رکھنے والے خریداروں کے لیے سونا مہنگا ہو جاتا ہے اور اس کی طلب متاثر ہوتی ہے۔
گولڈ مارکیٹ کے علاوہ عالمی اسٹاک مارکیٹس میں بھی کمی دیکھی گئی، جہاں مصنوعی ذہانت سے متعلق شیئرز کی بلند قیمتوں اور بڑھتی شرح سود کے خدشات نے سرمایہ کاروں کو محتاط کر دیا ہے۔ اسی دوران خام تیل کی قیمت میں بھی تقریباً ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق سونے کو رواں ہفتے تیل کی کم قیمتوں سے کچھ سہارا ملا تھا، تاہم ڈالر کی مسلسل مضبوطی اس کے لیے دباؤ کا باعث بن رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سرمایہ کار اب دسمبر میں شرح سود میں اضافے کے 88 فیصد امکانات دیکھ رہے ہیں، جو گزشتہ ہفتے فیڈ کے اجلاس سے قبل 61 فیصد تھے۔ نئی قیادت کے تحت سخت مالیاتی پالیسی کے اشاروں نے مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کو مزید بڑھا دیا ہے۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی، جہاں چاندی 5 فیصد گر کر 61.90 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 3 فیصد کم ہو کر 1,628.55 ڈالر اور پیلیڈیم 2.9 فیصد کمی کے ساتھ 1,229.28 ڈالر فی اونس پر آ گیا۔
