میکسیکو: فیفا ورلڈ کپ کے دوران میکسیکو کی فتح کا جشن اس وقت افسوسناک واقعے میں تبدیل ہو گیا جب ایک گاڑی جشن منانے والے افراد کے ہجوم میں گھس گئی، جس کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میکسیکو کی ٹیم نے گروپ مرحلے کے اپنے آخری میچ میں چیک ریپبلک کو 0-3 سے شکست دی، جس کے بعد ملک بھر میں شائقین جشن منا رہے تھے۔ کہ ایک تیز رفتار گاڑی ہجوم میں جا گھسی۔
انتظامیہ کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ گاڑی کو ایک گروپ نے گھیر لیا تھا، تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر ڈرائیور نے گاڑی ہجوم پر چڑھا دی، جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے 17 افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی، جن میں گاڑی کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
کابو سان لوکاس کے قائم مقام میئر نے متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ تحقیقات کی پیش رفت سے عوام کو آگاہ رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا، مارکو روبیو
واضح رہے کہ کابو سان لوکاس میکسیکو کے مشہور سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے اور ہر سال لاکھوں ملکی و غیر ملکی سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ حکام حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
