وفاقی وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے آئندہ ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت اس ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی بین الاقوامی قیمتوں کے اشاریوں کا تفصیلی جائزہ لے گی تاکہ عالمی مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق آئندہ فیصلے کیے جا سکیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت نہ کسی ایک شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور نہ ہی کسی پر غیرضروری بوجھ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام تک ہر ممکن ریلیف پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے۔
برائے اطلاعِ عام: براہِ مہربانی اس ہفتے کیلئے پیٹرول اور ڈیزل کی بین الاقوامی پلیٹس قیمتیں ملاحظہ کریں۔ حکومت نہ تو کسی شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور نہ ہی کسی دوسرے پر غیر ضروری بوجھ ڈال رہی ہے۔ حکومت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے دائرے میں رہتے ہوئے، صارفین تک کوئی بھی فائدہ… pic.twitter.com/NPtvwY6cgr
— Ali Pervaiz Malik (@AliPervaiz450) June 27, 2026
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اب تک ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 200روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں155 روپے فی لیٹر کمی کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ہفتے عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے اشاریوں کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت نے فی الحال پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 299 روپے 50 پیسے برقرار رکھی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت بھی 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
