عمان کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے میں کارگو جہاز پر پروجیکٹائل حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔
رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 1.52 ڈالر یا 2.1 فیصد اضافے کے بعد 75.26 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 1.58 ڈالر یا 2.3 فیصد اضافے سے 71.92 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔
گزشتہ روز خام تیل کی قیمتیں 27 فروری کے بعد اپنی کم ترین سطح پر آئی تھیں، جو جنگ کے آغاز سے ایک دن قبل کی صورتحال تھی۔
عالمی منڈی میں تیل سستا، پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان
تیل کی قیمتیں 4 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے کے بعد ماہرین کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی پیش رفت کے بعد آبنائے ہرمز سے تیل بردار جہازوں کی معمول کے مطابق آمدورفت کی بحالی ہے۔ جس سے عالمی منڈی میں سپلائی کے خدشات کم ہوئے ہیں۔
ماہرین نے تیل کی سپلائی میں اضافہ جاری رہنے کی صورت میں آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا تھا تاہم کارگو جہاز پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ہوا۔
واضح رہے کہ عمان کے قریب کارگو جہاز پر حملے کے بعد اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کے انخلا کی کوششیں عارضی طور پر روک دی گئیں، جس سے عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے بارے میں خدشات دوبارہ جنم لے گئے ہیں۔
