وزیر ریلویز حنیف عباسی نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور مسافروں کے لیے ناقص سہولیات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے فوری جواب طلب کیا۔
وزیر ریلویز نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے لیے قائم ائیرکنڈیشنڈ لاؤنج بند ہونے پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسر سے کہا، “ڈی این اے صاحب بتائیں، آپ نے جھوٹ بولا کہ اے سی خراب ہیں۔” انہوں نے سوال اٹھایا کہ شدید گرمی میں مسافروں کو باہر بیٹھنے پر کیوں مجبور کیا گیا اور فوری طور پر لاؤنج فعال کرنے کی ہدایت کی۔
حنیف عباسی نے اسٹیشن پر مہنگے داموں اشیائے خورونوش کی فروخت پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی او کی سرزنش کی۔ انہوں نے کہا، “ڈی سی او صاحب، کیا چیزیں چیک کرنے کے لیے مجھے ہی آنا پڑے گا؟” اور ہدایت کی کہ مسافروں سے زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر نے لاہور۔کراچی واشنگ لائن کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 60 روز میں اپ گریڈ مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے پاکستان ریلویز کے سی ای او کو واضح ہدایات جاری کیں کہ واشنگ لائن میں پٹس، اسٹاف اور دیگر تمام سہولیات کو مقررہ مدت میں بہتر بنایا جائے۔
وفاقی وزیر ریلویز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کو معیاری سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور غفلت یا بدانتظامی کے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
