کوئٹہ: بلوچستان کے دارلخلافہ کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ زلزلے کا مرکز کوہلو سے 60 کلومیٹر دور اور گہرائی 17 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق زلزلے سے موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں 80 سے 90 مکانات جزوی متاثر ہوئے۔ جبکہ 6 افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ پی ڈی ایم اے کی امدادی ٹیمیں طبی عملے اور سامان کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں۔
ترجمان کے مطابق زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔ موسیٰ خیل میں آج 2 مرتبہ زلزلہ آیا، دوسرا جھٹکا 4.5 شدت کا تھا۔ متاثرہ علاقوں میں کچے مکانات کی دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں۔ تاہم متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ آج صبح بھی بلوچستان کے ضلع کوہلو اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: تشدد کے مرتکب عناصر کا احتساب یقینی بنایا جائے، وزیر اعظم
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جغرافیائی نقاط 30.40 درجے شمالی عرض بلد اور 69.68 درجے مشرقی طول بلد ریکارڈ کیے گئے۔
