اسلام آباد: عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں گزشتہ تین ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ جس کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئندہ قیمتوں کے جائزے میں پیٹرول کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز زیر غور ہے۔ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 42 روپے فی لیٹر تک کم کرنے کی سفارش سامنے آئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مجوزہ کمی کی منظوری دی جاتی ہے تو اس کے مثبت اثرات نہ صرف ٹرانسپورٹ سیکٹر بلکہ عام صارفین تک بھی پہنچیں گے۔ ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی سے اشیائے ضروریہ کی ترسیل سستی ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی کے دباؤ میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 27 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز پر بھی غور کر رہی ہے۔ اگر اس تجویز کی منظوری دی گئی تو صارفین کو ملنے والے ممکنہ ریلیف کی شرح متاثر ہو سکتی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی، رسد میں اضافے اور خطے میں کشیدگی کم ہونے کے باعث سامنے آئی ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت کئی درآمدی ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عراق کا تیل پیداوار کا کوٹہ نہ بڑھانے پر اوپیک سے علیحدگی پر غور
واضح رہے کہ خام تیل کی قیمت 73.80 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی ہے۔ اور یہ پہلا موقع ہے کہ خام تیل کی قیمت 75 ڈالر فی بیرل سے نیچے آئی۔ جو فروری کے آخر میں ایران سے متعلق کشیدگی بڑھنے سے قبل کی سطح کے قریب سمجھی جا رہی ہے۔
